پاکستان

جولائی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست: نیپرا نے فیصلہ محفوظ کرلیا

اقتصادی اعشاریے برقرار رہے توبجلی قیمتوں میں تھوڑا بہت فرق رہے گا، سی پی پی اے حکام
|

نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے جولائی کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے لیے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی ( سی پی پی اے) کی جانب سے جمع کروائی گئی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق نیپرا میں بجلی کی قیمت میں 31 پیسے کمی کی لیے دائر کی گئی درخواست میں سی پی پی اے حکام نے بتایا کہ جولائی کے مہینے کا ساڑھے 4 ارب کا عوام کو ریلیف ملے گا، جولائی میں پانی سے 4 فیصد کم جب کہ درآمدی کوئلے سے زیادہ بجلی پیدا ہوئی ہے اور عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں کمی کا رجحان رہا ہے، اس لیے جولائی کے مہینے میں عوام کو 4 ارب روپے کا ریلیف ملنا چاہیے۔

سماعت کے دوران سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے حکام نے بتایا کہ اقتصادی اعشاریے برقرار رہے توبجلی قیمتوں میں تھوڑا بہت فرق رہے گا۔

نیپرا کے ممبر رفیق شیخ نے کہا کہ اگر نقصانات کی شرح نکال دیں تو کتنا ریلیف بنتا ہے؟ اس سوال پر نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے حکام کی جانب سے جواب نہ ملنے پر نیپرا ممبر نے برہمی کا اظہار کیا۔

نیپرا حکام نے کہا کہ گزشتہ 6 سال سے ہماری انرجی گروتھ نہیں ہوئی، رفیق شیخ نے کہا کہ سسٹم نقصانات میں کمی کی لاگت کیا تھی، اس سے صارفین پر کتنا بوجھ پڑا ؟ اس کا تجزیہ کرکے بتائیں تاکہ ذمہ داروں کا تعین ہو سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب تو گھر کے کرائے سے زیادہ بجلی کے بل آرہے ہیں، بجلی کے بل گھروں کے کرایوں سے بڑھنے کی خبریں چلتی ہیں، یہ سن کر ہمارے سر شرم سے جھک جاتے ہیں۔

سماعت کے دوران نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے حکام نے نیپرا کو بتایا کہ صارف تو 12،13 ہزار بجلی استعمال کرتا ہے، صارف 12،13 ہزار میگاواٹ بجلی استعمال کرتا ہے مگر اسے کیپیسٹی 40 ہزار میگاواٹ کی دینا پڑتی ہے۔

نیپرا کی جانب سے سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کرلیا گیا،نیپراکی جانب سےمزید ڈیٹاکی جانچ پڑتال کےبعد فیصلہ جاری کیا جائےگا۔

خیال رہے 17اگست کو پاور ڈویژن کے ماتحت ادارے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا کے سامنے باضابطہ درخواست دائر کی تھی، جس میں جولائی میں صارفین سے وصول کردہ 9.352 روپے فی یونٹ کے ریفرنس ٹیرف پر 31 پیسے فی یونٹ (کلو واٹ آور) کی کمی کی درخواست کی گئی تھی۔

اس میں کہا گیا ہے کہ فیول کاسٹ 9.038 روپے فی یونٹ رہی ہے لہذا اسے ستمبر کے بلوں میں صارفین کو واپس کیا جائے۔

فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ میں تجویز کردہ کمی کی وجہ یکم جولائی سے نافذ ہونے والے سالانہ بنیادی ٹیرف میں 20 فیصد اضافہ ہے، جس میں موجودہ مالی سال کے لیے ایندھن کی بُلند لاگت اور شرح تبادلہ کا تخمینہ لگایا گیا تھا، تاہم عالمی مارکیٹ میں نرخوں میں کمی کی وجہ سے فیول کاسٹ کم ہوئی ہے۔