پاکستان

ملتان میں بارش کا 48 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 2 گھنٹے میں 147 ملی میٹر بارش

صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں کئی شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

صوبہ پنجاب میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور ملتان میں طوفانی بارش کا 48 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا جہاں صرف دو گھنٹوں کے دوران 147 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں کئی شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

سب سے زیادہ بارش ملتان، جہلم، بہاولپور، خانیوال، میاں چنوں اور اردگرد کے علاقوں میں ریکارڈ کی گئی جس سے بدترین سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی اور کئی جگہوں پر پانی کھڑا ہو گیا۔

ملتان میں طوفانی بارش کا 48 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا اور چونگی نمبر 9 ڈسپوزل اسٹیشن پر صرف دو گھنٹے میں 147 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بارش کے باعث خواجہ فرید سوشل سیکیورٹی ہسپتال میں بارش کا پانی داخل ہو گیا اور ہسپتال کے وارڈز بھی بارش کے پانی سے بھر گئے۔

ہسپتال کے وارڈز میں پانی جمع ہونے سے مریض بارش کے پانی میں بیٹھنے پر مجبور ہو گئے۔

ایم ڈی واسا خالد رضا خان نے شدید بارش کے بعد رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور ایم ڈی واسا نکاسی آب کے آپریشن کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔

ایم ڈی واسا نے ہدایت کی کہ شہری بارش کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور کھمبوں اور تاروں سے دور رہیں۔

جہلم کی تحصیل پنڈ دادن خان اور اطراف میں طوفانی بارشوں سے شاہراہیں دریا بن گئیں اور کھیوڑہ روڈ کے قریب نجی فیکٹری کی بس بارش کے پانی میں الٹ گئی۔

ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر بس میں سوار 15 افراد کو بحفاظت بس سے باہر نکال لیا۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بارش کے باعث چھت گرنے سے ایک ہی گھر کے تین افراد جاں بحق ہو گئے۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ کے کمالیہ محلہ کے دیوان فضل میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی اور ملبے تلے دب کر میاں بیوی اور ان کا 15 سالہ بیٹا جاں بحق ہوگیا۔

پنجاب کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے صوبے بھر میں شدید مون سون بارشوں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کا نیا اسپیل آج شام سے شروع ہو گا۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے کہا کہ 31 اگست تک پنجاب میں مون سون بارشوں کا امکان ہے اور راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور ڈویژنز میں بارشوں کے باعث فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔