پاکستان

گھوٹکی: کچے کے ڈاکوؤں کے حملے میں صحافی جاں بحق، وزیر داخلہ سندھ نے نوٹس لے لیا

صحافی محمد بچل گھنیو کے قتل میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے، قاتلوں کی گرفتاری کے لیے ٹیکنیکل بیسڈ آلات کو استعمال میں لایا جائے، ضیا الحسن لنجار

وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے گھوٹکی میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے صحافی بچل گھنیو کے قتل کا نوٹس لے لیا۔

وزیر داخلہ نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی گھوٹکی سے فی الفور تفصیلات طلب کرلیں۔

انہوں نے ہدایت دی کہ صحافی محمد بچل گھنیو کے قتل میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے، قاتلوں کی گرفتاری کے لیے ٹیکنیکل بیسڈ آلات کو استعمال میں لایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ کچے کے علاقوں میں پولیس کے تازہ دم کمک کے ذریعے آپریشن کو مزید تیز کیا جائے۔

وزیرداخلہ سندھ نے کہا کہ ایس ایس پی گھوٹکی صحافی قتل کیس کی تفتیشی پیش رفت سے روزانہ کی بنیاد پر آگاہ کریں۔

ان کے علاوہ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بھی گھوٹکی میں صحافی محمد بچل کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئےآئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی اور واقعے کی شفاف تحقیقات کی ہدایت جاری کردی۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ قاتلوں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، اللہ پاک مرحوم کے درجات بلند کریں اور لواحقین کو صبر عطا کرے۔

واضح رہے کہ آج گھوٹکی میں ملزمان کی فائرنگ سے مقامی صحافی بچل گھنیو جاں بحق ہوگئے تھے، پولیس نے بتایا کہ رونتی کےعلاقے میں مسلح افراد نےصحافی کو نشانہ بنایا، پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ مقتول گھر سے نکلا تو ڈاکوؤں نے اسے قتل کردیا۔