پاکستان

اسلام آباد: بارش کے باعث گودام کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق

جاں بحق ہونے والوں میں سے 4 کا تعلق تونسہ شریف سے ہے جبکہ ایک مزدور ملیر کراچی کا رہاشی ہے، حکام کے مطابق ملبے میں دبے ایک مزدور کی تلاش جاری ہے

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بارش کے باعث گودام کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشہ کئی گھنٹوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، صبح سے ہلکی اور تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے جب کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 4 روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی ہے۔

شدید بارش کے باعث واسا راولپنڈی نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے، واسا کے مطابق نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 5 فٹ جب کہ گوالمنڈی پل پر 4 فٹ ہے۔

چکوال اور گرد و نواح میں موسلادھار بارش سے نالہ چپھر میں طغیانی آگئی اور بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا، مقامی انتظامیہ کی طرف سے الرٹ جاری کردیا گیا۔

سیالکوٹ اور گردو نواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے تیز بارش کے باعث بجلی کے فیڈر ٹرپ کرگئے۔

جہلم اور گرد و نواح میں بھی بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے، بارش کےباعث گلیوں اورشاہراوں پر پانی کھڑا ہوگیا۔ اور بجلی کے متعدد فیڈرز ٹرپ ہوجانے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

بارش کے دوران مختلف حادثات پیش آنے کی اطلاعات بھی سامنے آ رہی ہیں، اسلام آباد پولیس کے مطابق گودام کی چھت گرنے سے جاں بحق ہونے والے مزدوروں کی تعداد 5 ہوگئی ہے، جاں بحق ہونے والوں میں سے 4 کا تعلق پنجاب کے ضلع تونسہ شریف سے ہے جب کہ ایک مزدور ملیر کراچی کا رہاشی ہے۔

حکام کے مطابق ملبے میں دبے ایک مزدور کی تلاش جاری ہے، دو مزدوروں کو بحفاظت نکال لیا گیا، افسوسناک واقعے میں جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔