پاکستان

نیا توشہ خانہ ریفرنس: عمران خان، بشریٰ بی بی کی ضمانت بعد ازگرفتاری پر نیب کو نوٹس جاری

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے 30 اگست کو جواب طلب کرلیا۔
|

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم و بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی نیا توشہ خانہ ریفرنس میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر قومی احتساب بیورو (نیب) کو نوٹس جاری کردیا۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔

عدالت نے درخواستوں پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 30 اگست کو جواب طلب کرلیا۔

یاد رہے کہ آج ہی بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستیں عدالت میں دائر کردی تھی۔

یاد رہے کہ 13 جولائی کو نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئے ریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا، نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں منظور کرتے ہوئے ان کی7، 7 سال قیدکی سزائیں معطل کردیں اور ان کی رہائی کا حکم دیا تھا۔

بعد ازاں، وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کے نئے ریفرنس کے لیے عمران خان اور ان کی اہلیہ کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن کیا تھا، نوٹیفکیشن نیب آرڈیننس 1999 کی سیکشن 16 بی کے تحت جاری کیا گیا۔

اس میں بتایا گیا کہ امن امان کی صورت حال کے پیش نظر نیب عدالت اگر ضروری سمجھتی ہے تو عمران خان اور بشریٰ بی بی کا ٹرائل جیل میں کرے۔

8 اگست کو احتساب عدالت اسلام آباد نے نئے توشہ خانہ ریفرنس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی، سابق وزیر اعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 11 روز کی توسیع کر دی تھی۔

19 اگست کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نئے توشہ خانہ ریفرنس سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

20 اگست کو بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف نئے توشہ خانہ ریفرنس کی تفصیلات سامنے آگئی تھیں۔

توشہ خانہ ریفرنس نمبر 2 سعودی ولی عہد کی جانب سے دیے گئے بلغاری جیولری سیٹ پر دائر کیا گیا، ریفرنس میں بتایا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو 7 سے 10 مئی 2021 کو دورہ سعودیہ کے موقع پر بلغاری جیولری سیٹ دیا گیا، جیولری سیٹ میں ایک عدد انگوٹھی، ایک عدد بریسلٹ، ایک نیکلس، ایک جوڑی بالیاں شامل تھیں، شواہد کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی نے غیر قانونی طور پر بلغاری جیولری سیٹ اپنے پاس رکھا۔؎

اسی روز قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین، سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف نیا توشہ خانہ ریفرنس اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر کردیا تھا۔