پاکستان

پاکستان نرسنگ کونسل کی صدر کی ڈگری غیر مستند ہونے کا انکشاف

دستاویز کے مطابق فرزانہ ذوالفقار نے جس ادارے سے ڈگری حاصل کی وہ تسلیم شدہ نہیں ہے۔ یونیسکو ویب سائٹ کے مطابق ڈگریاں دینے والا ادارہ رجسٹرڈ ہی نہیں ہے۔

پاکستان نرسنگ کونسل کی صدر فرزانہ ذوالفقار کی ڈگری بین الاقوامی ادارے سے تسلیم شدہ نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ ہائر یجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے غیر رجسٹرڈ بین الاقوامی ادارے کی ڈگری کی تصدیق سے انکار کر دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو فرزانہ ذوالفقار کی ڈگری سے متعلق شکایات موصول ہوئی تھیں۔

دستاویز کے مطابق فرزانہ ذوالفقار نے جس ادارے سے ڈگری حاصل کی وہ تسلیم شدہ نہیں ہے۔

یونیسکو ویب سائٹ کے مطابق ڈگریاں دینے والا ادارہ رجسٹرڈ ہی نہیں ہے اور بین الاقوامی ادارہ غیر چارٹرڈ ہونے پر ایچ ای سی نے ڈگری تسلیم نہیں کی ہے۔

فرزانہ ذوالفقار کی گلگت بلتستان کوٹے پر بطور کونسل رکن تعیناتی بھی غیر قانونی تھی، اس ضمن میں گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ نے وفاقی حکومت سے احتجاج ریکارڈ کرتے ہوئے وفاقی سیکریٹری صحت کو خط ارسال کیا تھا۔