پاکستان

آرمی چیف سے چین کے بری فوج کے سربراہ کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

ملاقات میں علاقائی سلامتی، فوجی تربیت اور دفاع کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے امور پر بھی بات چیت کی گئی، آئی ایس پی آر

پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر سے چین کی بری فوج کے سربراہ لی کیاومنگ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور فوجی تعاون مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال ہوا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پیپلز لبریشن آرمی گراؤنڈ فورسز کے کمانڈر جنرل لی کیاومنگ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا، علاقائی سلامتی، فوجی تربیت اور دفاع کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔

آرمی چیف نے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

مہمان شخصیت نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف پاکستان کی مؤثر کوششوں کو سراہا، چینی کمانڈر نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جذبے کی بھی تعریف کی۔

آرمی چیف نے چینی کمانڈر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی تعاون دونوں ممالک کے درمیان مضبوط بھائی چارے کی علامت ہے، پاکستان چین کے ساتھ اپنے دائمی تعلق کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔

اس موقع پر چینی کمانڈر نے جی ایچ کیو میں یاد گار شہدا پر پھول چڑھائے۔ قبل ازیں جی ایچ کیو آمد پر چینی کمانڈر کو پاک افواج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی بھی پیش کی۔