پاکستان

شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں بم دھماکا، 2 افراد جاں بحق

دھماکا تحصیل رزمک بازار میں ہوا، 8 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جنہیں کیٹیگری ڈی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ایس ایچ او

شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں بم دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 8 دیگر افراد زخمی ہوگئے۔

ڈان نیوز کےمطابق ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ دھماکا تحصیل رزمک بازار میں ہوا، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

مزید بتایا کہ زخمیوں کو کیٹیگری ڈی ہسپتال رزمک میں منتقل کر دیا ہے۔

اب تک دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں کیا گیا ہے۔

ادھر، بلوچستان کے ضلع موسٰی خیل کے علاقے راڑہ شم کے مقام پر ٹرکوں اور مسافر بسوں سے اتارکر شناخت کے بعد 23 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا۔

اسی طرح بلوچستان کے علاقے بولان سے 6 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔

دوسری جانب، بلوچستان میں کئی مقامات پر رات گئے حملوں پر سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 12 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

واضح رہے کہ 24 اگست کو بلوچستان کے ضلع پشین کے مرکزی بازار سرخاب چوک پر دھماکے کے نتیجے میں 2 بچے اور ایک خاتون جاں بحق ہوگئی تھیں جبکہ 2 پولیس اہلکاروں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے تے۔

تھانہ پشین کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) مجیب الرحمٰن نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

10 اگست کو خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان کے ایک گھر میں ہونے والے دھماکے میں ایک شخص جاں بحق، 3 بچوں اور ایک خاتون سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے تھے۔