دنیا

فرانس: یہودی عبادت گاہ پر حملہ کرنے والا مشتبہ شخص زخمی حالت میں گرفتار

33 سالہ مشتبہ شخص کو لا گرینڈ موٹے کے قریبی ساحلی تفریحی مقام میں عبادت گاہ پر حملے کے چند گھنٹے بعد ہفتے کی رات جنوبی شہر نیمز سے حراست میں لیا گیا.

فرانسیسی پولیس نے یہودی عبادت گاہ پر حملے کے الزام میں ایک مشتبہ شخص کو فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق الجزائر سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ مشتبہ شخص کو لا گرینڈ موٹے کے قریبی ساحلی تفریحی مقام میں عبادت گاہ پر حملے کے چند گھنٹے بعد ہفتے کی رات جنوبی شہر نیمز سے حراست میں لیا گیا، اس حملے میں ایک پولیس افسر زخمی ہوگیا تھا۔

تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ عبادت گاہ کے نیچے ایک کار پارک میں دو کاروں کو آگ لگانے کے الزام میں اب تک چار افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جس کی وجہ سے عبادت گاہ کے باہر دھماکا ہوگیا تھا۔

ذرائع کے مطابق مرکزی ملزم افسران کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہو گیا ، تاہم ملزم کی جان کو خطرہ نہیں ہے۔

اے ایف پی کی طرف سے دیکھی گئی تصاویر کے مطابق اپنی کمر کے گرد فلسطینی پرچم باندھے مشتبہ شخص کو کلوز سرکٹ ٹیلی ویژن کے ذریعے حملہ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔