کھیل

وکٹ سے اس طرح مدد نہیں ملی جیسی توقع کر رہے تھے، نسیم شاہ

ہمیں گراؤنڈ کا ایڈوانٹیج نہیں مل رہا، اس بارے میں اب سوچنا ہوگا، اگر فاسٹ پچز نہیں بن رہیں تو اسپنرز کیلئے سازگار وکٹیں تیار کی جائیں، نسیم شاہ

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں راولپنڈی کی وکٹ سے اتنی زیادہ مدد نہیں ملی جتنی ہم توقع کررہے تھے۔

راولپنڈی میں بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز کے اختتام پر پریس کانفرنس کے دوران نسیم شاہ نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں ہر چیز کا ٹیسٹ ہوتا ہے ،بطور بائولر نظم و ضبط اور صبر کا مظاہرہ کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اچھی پچ تیار کرنے کے لیے کوشش کی گئی ، شاید تیز دھوپ کی وجہ سے وکٹ ڈرائی ہو گئی، اس پچ پر فاسٹ باؤلرز کو نئے گیند سے مدد ملتی ہے اور جونہی گیند پرانا ہوتا ہے تو بیٹنگ کرنا آسان ہو جاتا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ بطور باؤلرز مجھے لگتا ہے کہ کچھ غلطیاں ہم سے بھی ہوئیں جس کی وجہ سے نتائج نہیں مل سکے اور رنز زیادہ بن گئے۔

ٹیم کی اسپنر کی غیر موجودگی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارا مائنڈ سیٹ یہ تھا کہ اس پچ سے فاسٹ باؤلرز کو زیادہ مدد ملے گی اور 4 فاسٹ باؤلرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا مطلب یہی ہوتا ہے کہ اپنے مکمل اٹیک کرنا ہے اور میرا نہیں خیال کہ آخری دن اسپنرز کو مدد ملے گی۔

نسیم شاہ نے کہا کہ ہمیں گراؤنڈ کا ایڈوانٹیج نہیں مل رہا، اس بارے میں اب سوچنا ہوگا کیوں کہ میچ کا نتیجہ تو کسی نہ کسی طریقے سے نکالنا ہے لہذا ہوم ایڈوانٹیج کا فائدہ اٹھانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ باؤلرز نے بھرپور محنت کی لیکن پچ نے ہمیں وہ نتائج نہیں دیے جس طرح ہم سوچ رہے تھے، باقی میں نے کم بیک کیا تو شروع میں مجھے تھوڑا ایڈجسٹ ہونے میں وقت لگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر فاسٹ پچز نہیں بن رہیں جس سے فاسٹ باؤلرز کو فائدہ مل سکے تو اسپنرز کے لئے سازگار وکٹیں تیار کی جائیں تا کہ کسی نہ کسی طریقے سے ہوم ایڈوانٹیج لیا جا سکے۔

نسیم شاہ نے مزید کہا کہ شائقین اتنی گرمی میں میچ انجوائے کرنے کے لیے آتے ہیں ، اگر میچ نتیجہ خیز نہ ہو تو انہیں بھی مایوسی ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 6 وکٹ کے نقصان پر 448 رنز پر ڈیکلیئر کی تھی جس کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم چوتھے روز 565 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

پہلی اننگز میں بنگلہ دیش کو 117 رنز کی برتری حاصل ہوئی، چوتھےروز کے اختتام پر پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 23 رنز بنالیے ہیں، صائم ایوب ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔