کھیل

سابق بھارتی اوپنر شیکھر دھون کا تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

2010 میں آسٹریلیا کےخلاف ایک روزہ میچ میں ڈیبیو کیا اور دسمبر 2022 میں بنگلہ دیش کے خلاف اپنا آخری بین الاقوامی میچ کھیلا۔

سابق بھارتی اوپنر شیکھر دھون نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق دہلی سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی نے بھارت کی جانب سے 2010 میں آسٹریلیا کےخلاف ایک روزہ میچ میں ڈیبیو کیا اور دسمبر 2022 میں بنگلہ دیش کے خلاف اپنا آخری بین الاقوامی میچ کھیلا تھا، ایک روزہ فارمیٹ کو ان کا پسندیدہ فارمیٹ سمجھا جاتا ہے۔

سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ زندگی میں اگے بڑھنا ضروری ہوتا ہے اور اس لیے میں تمام طرز کی کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کررہا ہوں۔

شیکھر دھون نے کہا کہ میں اس بات پر دکھی نہیں ہوں کہ میں ملک کے لیے دوبارہ نہیں کھیلوں گا بلکہ میں اس بات پر خوش ہوں کہ اپنے ملک کے لیے کھیلا ہوں۔

بائیں ہاتھ کے بلے باز نے 24 بین الاقوامی سینچریاں اسکور کرتے ہوئے چیمپیئنز ٹرافی، ایشیا کپ اور 2015 کے ورلڈ کپ جیسے ٹورنامنٹس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

2013کے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف ان کی 85 گیندوں پر سنچری ڈیبیو کرنے والے کسی بھی کھلاڑی کی تیز ترین سنچری تھی۔

شیکھر دھون نے متعدد محدود اوورز کی سیریز میں بھارت کی جانب سے کپتانی کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

خیال رہے جون میں ٹی 20 ورلڈکپ جیتنے کے بعد بھارتی کرکٹ اسٹارز ویراٹ کوہلی اور روہت شرما کے ساتھ ساتھ رویندرا جدیجا نے بھی ٹی 20 انٹرنیشنلز سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔