پاکستان

کارساز واقعہ: پہلے حادثے کے بعد فرار کی کوشش میں دوسرا حادثہ ہوا، نئی فوٹیج سامنے آگئی

خاتون پہلے واقعہ کی وجہ سے وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی، ملزمہ تیز گاڑی چلا رہی تھی اور اسی تیز رفتاری کی وجہ سے دوسرا حادثہ ہوا، پولیس

کارساز سروس روڈ حادثے کی نئی فوٹیج سامنے آگئی جس میں پتا چلا ہے کہ خاتون نے اسی روڈ پر پہلے ایک سفید رنگ کی کرولا گاڑی اور ایک موٹر سائیکل کو ٹکر مار کر فرار ہونے کی کوشش کے دوران ایک اور موٹر سائیکل سوار باپ بیٹی کو روند ڈالا۔

ڈان نیوزکے مطابق نتاشہ دانش کی گاڑی کی ٹکر سے باپ اور بیٹی جاں بحق ہوگئے تھے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون ملزمہ کی گاڑی کی رفتار غیر معمولی حد تک تیز تھی، تفتیشی افسران کے مطابق گاڑی کی رفتار تیز ہونے کی وجہ یہ تھی کہ خاتون نے اسی روڈ پر پہلے ایک سفید رنگ کی کرولا گاڑی کو بھی ٹکر ماری تھی، ملزمہ کی گاڑی نے کرولا گاڑی کے عقبی دروازے کو ہٹ کیا، کرولا گاڑی کے پیچھے موجود موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو بھی ہٹ کیا جس سے وہ سڑک پر گر پڑے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون تیزی سے گاڑی چلاتے ہوئے وہاں سے فرار ہو گئی اور فرار ہونے کے بعد خاتون نے اسی روڈ پر آگے جا کر موٹر سائیکل سوار باپ بیٹی کو ہٹ کیا جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق خاتون پہلے واقعہ کی وجہ سے وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی، ملزمہ تیز گاڑی چلا رہی تھی اور اسی تیز رفتاری کی وجہ سے دوسرا حادثہ ہوا۔