پاکستان

آرمی چیف کی طلبہ کے وفد سے ملاقات، غلط معلومات، جعلی خبروں کے خطرات پر گفتگو

’ذاتی تجربات کی روشنی میں اپنی رائے قائم کریں‘، جنرل عاصم منیر کی ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ سے ملاقات میں ڈیجیٹل دور میں غلط معلومات اور جعلی خبروں کے خطرات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ ذاتی تجربات کی روشنی میں اپنی رائے قائم کریں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ہارورڈ بزنس اسکول کے 44 طلبہ کے وفد نے ملاقات کی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق جنرل عاصم منیر نے ملاقات میں تعلیم، مثبت سوچ کی اہمیت اور سیکیورٹی چیلنجز پر روشنی ڈالی، اس دوران پاکستان کے مختلف امور، علاقائی امن، انسداد دہشت گردی اور جمہوری اقدار کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج کے سربراہ نے پاکستان کے وسیع پوٹینشل پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وفد کے شرکا ذاتی تجربات کی روشنی میں اپنی رائے قائم کریں۔

جنرل عاصم منیر نے ڈیجیٹل دور میں غلط معلومات اور جعلی خبروں کے خطرات سے متعلق بھی گفتگو کی، ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ نے تعمیری بات چیت کا موقع دینے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔