پاکستان

گوجرانوالہ: انسداد دہشت گردی عدالت نے عالیہ حمزہ کو 9 مئی کیس سے بری کردیا

عالیہ حمزہ پر 9مئی حملوں کی سازش کا الزام تھا اور انہیں تھانہ کینٹ میں درج مقدمہ میں ملزمہ نامزد کیا گیا تھا.

گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی (اے ٹی سی) عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما عالیہ حمزہ کو 9 مئی کیس سے بری کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں 9 مئی کے مقدمے کی سماعت ہوئی، پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ اور ان کے وکلا کی طرف سے کوئی بھی عدالت میں پیش نہیں ہوا۔

عالیہ حمزہ پر 9مئی حملوں کی سازش کا الزام تھا اور انہیں تھانہ کینٹ میں درج مقدمہ میں ملزمہ نامزد کیا گیا تھا جب کہ سرگودھا جیل سے رہائی پر عالیہ حمزہ کو گوجرانوالہ پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کو 9 مئی کے مقدمے سے بری کردیا۔

اس سے قبل ، لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کے شوہر کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے عالیہ کو 29 اگست تک کسی بھی نئے مقدمے میں گرفتار کرنے سے روک دیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا۔

اس دوران سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جبکہ پرتشدد واقعات کے دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

ان مقدمات میں پی ٹی آئی کی رہنماؤں عالیہ حمزہ، یاسمین راشچد، خدیجہ شاہ اور صنم جاوید سمیت کئی خواتین پارٹی ورکرز کو بھی حراست میں لے لیا گیا تھا۔