پاکستان

کراچی: گیراج میں کھڑی گاڑی کے ٹرنک سے بچے کی لاش بر آمد

دونوں بچے آپس میں رشتہ دار تھے اور ایک ہی گھر میں رہتے تھے، دونوں بچے منگل کو لاپتا ہوئے تھے، پولیس

کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں بند گیراج میں کھڑی گاڑی کے ٹرنک سے لاپتا ہونے والے ایک نابالغ لڑکے کی لاش برآمد ہوئی ہے جبکہ دوسرے بچے کو تشویشناک حالت میں بچا لیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اتحاد ٹاؤن کے ایس ایچ او ایاز خان نے بتایا کہ خیبر چوک کے قریب ایک گیراج پر کھڑی کار کے ٹرنک سے دو کمسن لڑکے تشویشناک حالت میں پائے گئے جنہیں علاج کے لیے قریبی مرشد ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ہسپتال میں 3 سالہ عثمان عبداللہ کو مردہ قرار دے دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں بچے آپس میں رشتہ دار تھے اور ایک ہی گھر میں رہتے تھے، دونوں بچے منگل کو لاپتا ہوئے تھے۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ لڑکوں کے گھر کے قریب واقع گیراج کے مالک نے انہیں کار کے ٹرنک میں پڑا ہوا پایا۔

پولیس سرجن سمعیہ سید نے بتایا کہ عثمان کی لاش کو ڈاکٹر روتھ فاؤ سول ہسپتال کراچی لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے تمام متعلقہ نمونے حاصل کیے اور کیمیکل ایگزامینر کی رپورٹ آنے تک موت کی وجہ محفوظ کر لی۔

انہوں نے بتایا کہ دوسرے بچے کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ میں داخل کرایا گیا۔

ایس ایچ او نے کہا کہ پولیس اسے ’حادثہ‘ سمجھ رہی ہے۔

پولیس نے امکان ظاہر کیا کہ بچوں نے کھیلتے ہوئے خود کو کھڑی کار میں بند کر لیا اور ان میں سے ایک کی دم گھٹنے سے موت ہو گئی۔