پاکستان

مزید 4 ڈسکوز کے بورڈز تحلیل کرکے نئے بورڈز تشکیل

تمام 11 میں سے 9 سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے نئے بورڈز تشکیل دینے کا عمل کامیابی سے مکمل کرلیا گیا۔

بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے بورڈز تحلیل کرنے کے لیے وفاقی کابینہ کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے مزید 4 سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے بورڈز تحلیل کر کے نئے بورڈز تشکیل دے دیے گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق تمام 11 میں سے 9 سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے نئے بورڈز تشکیل دینے کا عمل کامیابی سے مکمل کرلیا گیا۔ مزید جن چار کمپنیوں کے نئے بورڈ بنائے گئے ہیں ان میں گیپگو، کیسکو، ٹیسکو اور پیسکو کے شامل ہیں۔

حکومتی ذرائع کے مطابق نئے ڈسکوز کے بورڈز کی تشکیل 3 سال کے لیے ہوگی۔

عمران ظفر گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی، محفوظ علی خان کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی جبکہ حمایت اللہ خان پشاور اور ٹرائبل الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کے بورڈز کے چیئرمین مقرر کیے گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ بجلی کمپنیوں میں ڈائریکٹرز کی کارکردگی غیر تسلی بخش ہونے پر نئے بورڈز تشکیل دیے گئے ہیں، وفاقی وزیر توانائی کی سربراہی میں بورڈ نامزدگی کمیٹی نے بورڈز تحلیل کرنے کی سفارش کی تھی۔

اس سے قبل 5 ڈسکوز فیسکو، آئیسکو، میپکو، لیسکو اور ہیسکو کے نئے بورڈز تشکیل دیےگئے تھے۔

یاد رہے کہ وفاقی کابینہ نے 24 جون کو 9 ڈسکوز کے نئے بورڈز تشکیل دینےکی منظوری دی تھی، تاہم وزیراعظم نے حیدر آباد اور سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کے بورڈز کی تشکیل نو کا معاملہ روک دیا تھا۔