پاکستان

سندھ میں بدترین حکومت ہے، قابض مافیا سے جان چھڑانے کا وقت آگیا، حافظ نعیم

پیپلزپارٹی چند وڈیروں اور خاندانوں کا گروہ ہے، صوبے میں سسٹم کے نام پر مذاق ہو رہا ہے، امیر جماعت اسلامی

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ سندھ میں بدترین حکومت اور گورننس ہے، وقت آگیا ہے قابض مافیا سے قوم کی جان چھڑائی جائے۔

ڈان نیوز کے مطابق حافظ نعیم الرحمٰن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی قبضہ گروپ ہے، پیپلزپارٹی کبھی پارٹی تھی تو ہوگی، اب تو چند وڈیروں اور خاندانوں کا گروہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں بدترین حکومت اور گورننس ہے، صوبے میں سسٹم کے نام پر مذاق ہو رہا ہے، پیپلز پارٹی کامیاب ہوئے بغیر کراچی کی میئرشپ پر قابض ہے، وقت آگیا ہے قابض مافیا سے قوم کی جان چھڑائی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ یکم ستمبر سے ملک بھر میں رابطہ عوام مہم کا آغاز کر رہے ہیں، جماعت اسلامی مہنگی بجلی، ناجائز ٹیکسوں کے خلاف 28 اگست کو ملک گیر ہڑتال کرے گی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت کو ہرحال میں عوام کو ریلیف دینا پڑے گا، جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی پارٹی عوام کے حقوق کے لیے بات نہیں کر رہی۔