پنجاب میں تین روز کے لیے دفعہ 144 نافذ، جلسوں اور ریلیوں پر پابندی عائد
حکومت پنجاب نے صوبے میں تین روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے پنجاب بھر میں جلسے جلوسوں، ریلیوں، دھرنوں اور احتجاج پر پابندی عائد کردی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں 3 روز کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
صوبے میں امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے دفعہ 144 نافذ کی گئی جس کا اطلاق جمعرات 22 اگست سے ہفتہ 24 اگست تک ہوگا۔
اس حوالے سے کہا گیا کہ پابندی کا اطلاق دہشت گردی کے خطرات کے پیشِ نظر کیا گیا اور سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی اجتماع دہشت گردوں کے لیے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے۔
بیان میں عوامی آگاہی کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی ہدایت کرتے ہوئے پنجاب بھر میں انتظامیہ کو حکم نامے پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ عوامی مفاد میں دفعہ 144 کا نفاذ صوبے بھر میں کیا گیا ہے۔