پاکستان

ڈپٹی اسپیکر خیبر پختوانخوا پر حقائق چھپانے کا الزام، درخواست گزار کو دوبارہ نوٹس جاری

ڈپٹی اسپیکر خیبر پختوانخوا اسمبلی ثریا بی بی پر کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپانے کے الزام کی الیکشن کمیشن میں سماعت ہوئی۔
|

ڈپٹی اسپیکر خیبر پختوانخوا اسمبلی ثریا بی بی پر کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپانے کے الزام کی الیکشن کمیشن کی سماعت کے دوران کمیشن نے غیرحاضر رہنے پر درخواست گزار کو دوبارہ نوٹس جاری کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ممبر سندھ اسمبلی نثار درانی کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخواہ اسمبلی ثریا بی بی کے خلاف دارخوست پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران ڈپٹی اسپیکر خیبر پختوانخواہ اسمبلی ثریا بی بی الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہوئیں جبکہ درخواست گزار اور ان کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوئے۔

سماعت کے دوران ثریا بی بی نے موقف اپنایا کہ انہیں گزشتہ رات کو نوٹس ملا اور وہ حاضر ہو گئی، انہیں درخواست سے متعلق کچھ علم نہیں۔

اس پر کمیشن کے رکن نثار درانی نے استفسار کیا کہ دارخوست گزار کدھر ہیں؟ جس پر الیکشن کمیشن کے حکام نے بینچ کو آگاہ کیا کہ دارخوست گزار تاحال نہیں پہنچے۔

نثار درانی نے کہا کہ کہ اگر درخواستگزار نہیں آتے تو ہم یہ درخواست نمٹا دیں گے۔کمیشن نے درخواستگزار کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت چار ستمبر تک ملتوی کردی۔