پاکستان

شوگر ایڈوائزری بورڈ کی مزید ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی سفارش

چینی کی برآمد کابینہ کی طرف سے طے شدہ شرائط پر کی جائے گی، فیصلے کی حتمی منظوری کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی دے گی، وفاقی وزیرصنعت و پیداوار

شوگر ایڈوائزری بورڈ نے مزید ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی سفارش کردی۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیرصنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کی زیر صدارت شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس ہوا جس ملک میں چینی کے اسٹاک کی دستیابی اور قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔

شوگر ایڈوائزری بورڈ نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی سفارش کردی، اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے واضح کیا کہ کہ ملک میں طلب سے زیادہ چینی موجودہے، چینی کی ایکس ملز پرائس میں کسی قسم کا اصافہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ چینی کی برآمد کابینہ کی طرف سے طے شدہ شرائط پر کی جائے گی، چینی کی برآمد کی حتمی منظوری کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) دے گی۔

واضح رہے کہ جون میں بھی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن فاضل چینی کی برآمد کی مشروط منظوری دی تھی۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقدہ ہوا تھا، اجلاس میں وفاقی وزیر صنعت و پیداور رانا تنویر حسین، وزیر پیٹرولیم مصدق مسعود ملک، وزیر بجلی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک، وفاقی سیکریٹریز، متعلقہ وزارتوں کے سینئر حکام نے شرکت کی تھی۔