دنیا

کینیا میں پولیس کی حراست سے خطرناک ’سیریل کلر‘ فرار

دارالحکومت نیروبی میں موجود پولیس اسٹیشن سیل میں افسر کی جانب سے صبح کے وقت سیل کا دورہ کیا گیا تھا، جہاں ملزمان کے فرار ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں پولیس اسٹیشن سیل سے ’سیریل کلر‘ سمیت 13 ملزمان فرار ہوگئے ہیں، جس پر 42 خواتین کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام ہے جبکہ پولیس نے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے 33 سالہ کولنز جمیسی کو ’نفسیاتی مریض، درندہ صفت‘ قرار دیا ہے، جسے کینیا کے دارالحکومت میں کچرا کنڈی سے متعدد خواتین کی لاشیں ملنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔

خاتون پولیس ترجمان ریسیلا اونیانگو نے بتایا کہ تحقیقات شروع ہوگئی ہیں اور 13 مشکوک ملزمان کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع ہوگیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں پولیس نے بتایا کہ صبح 5 بجے روزمرہ پولیس اسٹیشن کے دورے کے دوران افسران پر ملزمان کے فرار ہونے کا انکشاف ہوا، جہاں پولیس افسر کی جانب سے صبح قیدیوں کے لیے ناشتے کا بندوبست کیا جا رہا تھا۔

تاہم پولیس اسٹیشن سیل کا دروازہ کھولنے پر علم ہوا کہ سیل میں موجود حفاظتی تاروں کو کاٹ کر ملزمان فرار ہوئے، ملزمان اس مقام سے فرار ہوئے ہیں، جہاں تازہ ہوا کے لیے مقام مختص کیا گیا تھا۔

فرار ہونے والے کولنز جمیسی کے علاوہ 13 ملزمان سے متعلق پولیس کا کہنا ہے کہ یہ تمام اریٹرین نژاد اور غیر قانونی تارکین وطن ہونے کی وجہ سے تحویل میں تھے، مذکورہ پولیس کینیا کے دارالحکومت نیروبی کے ضلعے گگری میں موجود ہے جو کہ اقوام متحدہ سمیت کئی سفارتخانوں کا مسکن سمجھا جاتا ہے۔

کینیا میں 6 ماہ کے دوران پولیس کی حراست سے ہائی پروفائل ملزمان کے فرار ہونے کا یہ دوسرا واقعہ ہے، اس سے قبل فروری کے مہینے میں کینیا کے شہری کیون کینگیتھ بھی پولیس اسٹیشن سے گرفتاری کے ایک ہفتے بعد فرار ہوگیا تھا، کیون پر ان کی امریکی گرل فرینڈ کو گزشتہ سال قتل کرنے اور اس کی لاش ایئرپورٹ کے پارکنگ ایریا میں چھوڑنے کا الزام ہے۔

انڈیپینڈینٹ پولیس اوورسائٹ اتھارٹی نے بتایا کہ تحقیقات میں پولیس کے ملوث ہونے یا سیکیورٹی انتظامات میں ناکامی کے پہلو کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے، جبکہ پولیس پر ماورائے عدالت قتل، غیر قانونی قتل سمیت قاتل گروپوں کی سرپرستی کا بھی الزام ہے۔

واضح رہے رواں سال 14 جولائی کو کینیا پولیس نے کہا ہے کہ انہیں دارالحکومت نیروبی میں کوڑے کے ڈھیر سے متعدد خواتین کی کٹی ہوئی لاشوں کے ٹکڑوں سے بھرے پانچ تھیلے ملے تھے۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق تفتیشی افسران جمعے سے مکورو کچی آبادی میں اس جگہ کی تلاشی لے رہے ہیں جب 6 دیگر خواتین کی لاشیں بوریوں میں بند کوڑے کے سمندر میں تیرتی ہوئی پائی گئیں تھی۔