پاکستان

بجلی بلوں میں ریلیف بیوقوفی ہے، کرپشن کا پیسا جیب میں ڈالنا نہیں؟ مریم نواز

عوامی ریلیف کو بیوقوفی کہنے پر افسوس ہے، یہ شارٹ ٹرم ریلیف نہیں، اس کے بعد بڑا سولر پروگرام لے کر آ رہے ہیں جو ہمیشہ کے لیے زیادہ بلوں سے نجات دے گا، وزیر اعلیٰ پنجاب

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ کہا گیا کہ 2 مہینے کا بجلی بلوں میں ریلیف دینا بیوقوفی ہے، کرپشن کا پیسا جیب میں ڈالنا، پروٹوکول پر پیسے خرچ کرنا بیوقوفی نہیں ہے، عوام کو ریلیف دینا بیوقوفی ہے، ایسی بات کہے جانے پر افسوس ہے۔

نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام پوزیشن ہولڈرز طلبا کو سراہتی ہوں، آپ تمام بچوں، والدین سے ملنے کا انتظار کر رہی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر تعلیم سے کہا ٹاپ پر آنے والے بچے ہمارے سر کے تاج ہیں،اساتذہ، والدین کا نام روشن کرنے پر تمام بچوں کو سیلوٹ کرتی ہوں۔

مریم نواز نے کہا کہ ان بچوں میں سے کسی کے والد مزدور، کسی کے والد نوکری کرتے ہیں،ان حالات مین اتنا اوپر آنا آسان نہیں ہوتا، ان طلبا کو تمام وسائل فراہم ہوں تو کتنا آگے نکل جائیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مقدمات کا سامنا کیا، جیل بھگتی، لیکن کبھی آنسو نہیں آئے، جب آپ کو گارڈ آف آنرمل رہاتو میری آنکھوں میں آنسو آگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ لڑکیوں کی کامیابی پر بھی بہت خوشی ہورہی ہے، تعلیم، صحت کا شعبہ میرے لیے بہت اہم ہیں، ہم تعلیم کےشعبے میں بہت ریفارمز کر رہےہیں، لیپ ٹاپ اسکیم دوبارہ شروع کر رہے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تعلیم کی صورتحال بہت جلدی بہترہوجائےگی، نواز شریف، شہباز شریف کا سوچ کر مجھے اپنی ذمہ داری کابہت احساس ہوتا ہے، پنجاب میں تعلیم کی صورتحال بہت جلدی بہتر ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پہلی اےآئی یونیورسٹی بنارہےہیں، بچوں کےہاتھ میں پیٹرو بم، ڈنڈے نہیں دینے، بہترین پوزیشن ہولڈر طلبا جہاں پڑھناچاہیں ان کی فیس میری ذمہ داری ہوگی، الیکٹرک بائیکس اسکیم کا آغاز کردیا گیا، 30 ہزار بائیکس دے رہے ہیں، اسکول میل پروگرام میں بچوں کو مفت دودھ ملےگا۔

مریم نواز نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ دومہینے کا بجلی بلوں میں ریلیف بیوقوفی ہے، کرپشن کا پیسا جیب میں ڈالنا، پروٹوکول پر پیسے خرچ کرنا، ہیلی کاپٹرز، جہازوں پر پیسے خرچ کرنا، تنخواہوں میں ، گھروں پر پیسے خرچ کرنا بیوقوفی نہیں ہے، عوام کو ریلیف دینا بیوقوفی ہے، ایسی بات کہے جانے پر افسوس ہے، میرے نزدیک دو مہینے کے ریلیف سے بھی کوئی اچھی بات نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ شارٹ ٹرم ریلیف نہیں ہے، دو ماہ کا ریلیف ہے، اس کے بعد ہم بہت بڑا سولر پروگرام لے کر آ رہے ہیں جو ہمیشہ کے لیے آپ کو زیادہ بلوں سے نجات دے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے مسلم لیگ(ن) کے صدر نواز شریف نے پنجاب میں 201 سے 500 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی کے یونٹ میں 14 روپے ریلیف کا اعلان کیا تھا جب کہ پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ کے وزرا سمیت دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے اس اعلان کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔