کے الیکٹرک نے ملک کی شمسی توانائی کو دگنا کرنے کی تیاری کرلی
کے الیکٹرک نے ملک کی شمسی توانائی کو دگنا کرنے کی تیاری کرلی اور اس حوالے سےکے الیکٹرک کے 640 میگاواٹ شمسی توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
امریکی جریدے بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق کراچی کی بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک کے ایگزیکٹو نے بتایا ہے کہ کمپنی اگلے دو سالوں میں اپنے پورٹ فولیو میں 640 میگا واٹ توانائی شامل کرکے پاکستان کی شمسی توانائی کی صلاحیت کو تقریباً دُگنا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
کے الیکٹرک کے چیف اسٹریٹیجی آفیسر شہاب قادر خان نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ کے الیکٹرک کے شمسی توانائی کے ابتدائی منصوبوں کے لیے نیلامی کا عمل شروع ہوگیا ہے جو اگلے ماہ تک مکمل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کمپنی نے شمسی اور ونڈ انرجی منصوبوں کے لیے پیشکش طلب کی ہیں، ڈیولپرز متعدد سولر پراجیکٹس کے لیے مقابلہ کریں گے جو کے الیکٹرک کو بجلی فروخت کریں گے جس سے پورٹ فولیو میں 200 میگا واٹ ہائبرڈ سولر ونڈ جنریشن شامل ہوگی۔
پاکستان میں اس وقت بجلی کی قیمتں بلند ترین سطح پر ہیں، جس کی بڑی وجہ ملک کا مہنگے درآمدی ایندھن پر انحصار ہے جب کہ کے الیکٹرک مہنگے ایندھن کی جگہ سستی بجلی پیدا کرنا چاہتی ہے۔
شمسی توانائی کی پیداوار کو دگنا کرنے سے ملک کے مجموعی درآمدی بل کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے، جو فی الحال 630 میگاواٹ کی کل صلاحیت کے ساتھ صرف ایک فیصد بنتا ہے۔
شہاب قادر خان کا کہنا تھا کہ اگلے 5 سالوں کے دوران، کراچی میں بجلی کی واحد تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک کا مقصد تقریباً 1200 میگاواٹ کے قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کو شامل کرنا اور گیس اور تیل جیسے مہنگے ذرائع کو ختم کرنا ہے۔