پاکستان

کراچی: کارساز روڈ پر گاڑی کی ٹکر سے باپ بیٹی جاں بحق، 4 افراد زخمی

خاتون ڈرائیور نے فرار کی کوشش میں ایک اور کار کو بھی ٹکر ماری، زیر حراست خاتون معروف تاجر کی اہلیہ اور برطانوی ڈرائیونگ لائسنس کی حامل نکلیں۔

کراچی میں کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر راہ گیروں پر چڑھ دوڑی، حادثے میں باپ بیٹی جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے جبکہ پولیس نے گاڑی چلانے والی خاتون کو گرفتار کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کارساز کے قریب سروس روڈ پر تیز رفتار لگژری جیپ سوار خاتون نے کار اور موٹر سائیکلوں سواروں کو کچل دیا۔

حادثے میں موٹر سائیکل سوار عمران عارف اور اس کی بیٹی آمنہ جاں بحق جب کہ 4 شہری شدید زخمی ہوئے، عینی شاہدین نے بتایا کہ جیپ چلانے والی خاتون اپنے حواس میں نہیں تھی۔

جیپ چلانے والی خاتون نے موٹر سائیکلوں کو ٹکر مارنے کے بعد فرار کی کوشش میں ایک اورگاڑی کو بھی زوردار ٹکر ماری جس سےگاڑی تباہ ہوگئی تاہم معجزانہ طور پر کار سوار نوجوان محفوظ رہا، جب کہ ٹکر کے بعد جیپ بھی الٹ گئی۔

ڈی ایس پی ٹریفک بہادرآباد سیکشن غلام نبی نے کہا کہ خاتون نے کھڑی گاڑی اور موٹر سائیکلوں کو ٹکر ماری، خاتون کو علاقہ پولیس کے حوالے کردیا ہے جب کہ ہم نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا تھا۔

حادثے کے بعد مشتعل افراد نے خاتون ڈرائیور کو گھیرا تو پولیس نے موقع پر پہنچ کر جیپ چلانے والی خاتون نتاشا کو حراست میں لے لیا۔

مبینہ طور پر نشہ کرکے گاڑی چلانے کی تصدیق کے لیے زیر حراست خاتون کا جناح ہسپتال میں طبی معائنہ بھی کرایا گیا۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کار ساز ٹریفک حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔