دنیا

ٹرک ڈرائیور یوٹیوب چینل سے لاکھوں روپے کمانے لگا

راجیش روانی نامی ٹرک ڈرائیور کو کھانا بنانے کا بے حد شوق ہے، یوٹیوب چینل کے ذریعے اب لاکھوں روپےکما رہا ہے۔

بھارتی ٹرک ڈرائیور نے یوٹیوب پر کھانے بنانے اور سفر کے چینل کے ذریعے لاکھوں روپے کمانا شروع کر دیے ہیں۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ٹرک ڈرائیور راجیش روانی کو کوکنگ کا بے حد شوق ہے، یہی وجہ ہے کہ راجش نے یوٹیوب چینل ’آر راجیش ولاگز‘ کے نام سے بنایا۔

اگرچہ وہ پیشے سے ٹرک ڈرائیور ہیں، تاہم راجیش کو کھانے بنانے کا شوق ہی یوٹیوب چینل کی طرف لے گیا، بطور ٹرک ڈرائیور جہاں وہ سڑکوں پر ٹرک لیے گھومتے تھے، اب گھر بیٹھے کما بھی رہے ہیں۔

راجیش روانی بطور ٹرک ڈرائیور ماہانہ 25 ہزار بھارتی روپے سے 30 ہزار بھارتی روپے کما رہے تھے، تاہم اب بطور یوٹیوبر وہ ماہانہ 4 سے 5 لاکھ روپے کما رہے ہیں، جبکہ ایک مہینہ ایسا بھی گزرا ہے جس میں انہوں نے 10 لاکھ بھارتی روپے کمائے۔

یوٹیوبر سدھارتھ کنان کی پوڈ کاسٹ میں راجیش روانی نے اپنی پہلی ویڈیو کے بارے میں بتایا کہ میں نے ویڈیو وائس اوور کے ساتھ پوسٹ کی تھی، میری وائرل ویڈیو میں صارفین مجھے چہرا دکھانے پر اصرار کر رہے تھے، اس کے بعد میرے بیٹے نے میری ویڈیو بنائی، جس میں میرا چہرا نظر آ رہا تھا، اس ویڈیو پر ایک ہی دن میں ساڑھے چار لاکھ ویوز آئے تھے۔

راجیش روانی اس وقت بھی ٹرک ڈرائیور ہیں اور وہ اس پیشے کے ساتھ ہی یوٹیوب چینل بھی چلا رہے ہیں، جبکہ راجیش روانی نے اس کامیابی کا کریڈٹ اپنی فیملی کو دےدیا ہے۔

اس وقت ٹرک ڈرائیور اور یوٹیوبر کے یوٹیوب چینل پر 1 اعشاریہ 87 ملین سبسکرائبرز موجود ہیں، اس چینل پر وہ ٹرک میں دوران سفر کی ویڈیوز بھی اپلوڈ کرتے ہیں، جبکہ کھانے پینے سے متعلق ویڈیوز بھی پوسٹ کرتے ہیں۔

ہر ویڈیو پر لاکھوں کی تعداد میں یوٹیوب صارفین کی جانب سے دیکھا جاتا ہے، کچھ ویڈیوز ایسی بھی ہیں، جو کہ بھارت سے باہر بھی پسند کی جا رہی ہیں۔