پاکستان

اسلام آباد ہائیکورٹ: عمران خان، بشریٰ بی بی کے سیل کا دورہ کرنے کیلئے متفرق درخواست دائر

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو اظہر صدیق کو عمران خان، بشریٰ بی بی کے جیل سیل کا دورہ کروانے کے احکامات دیے جائیں، درخواست میں استدعا
|

اسلام آباد ہائی کورٹ میں اڈیالہ جیل میں قید بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سیل کا دورہ کرنے کے لیے متفرق درخواست دائر کردی گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق درخواست گزار اظہر صدیق نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں متفرق درخواست دائر کی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ اظہر صدیق بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کو حاصل سہولیات کا جائزہ لے کر عدالت میں رپورٹ پیش کرنا چاہتے ہیں، دیکھنا چاہتے ہیں کہ دونوں ملزمان کو دی گئی سہولیات بین الاقوامی قوانین و معاہدوں کے مطابق ہیں یا نہیں۔

انہوں نے استدعا کی کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو اظہر صدیق کو عمران خان، بشریٰ بی بی کے جیل سیل کا دورہ کروانے کے احکامات دیے جائیں۔

یاد رہے کہ 6 جولائی کو جوڈیشل ایکٹوزم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو جیل میں سہولیات فراہم کرنے کے لیے صدر پاکستان آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا تھا۔

خط کے متن کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کو جیل میں قانون کے مطابق سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں، انہیں لوگوں سے ملنے نہیں دیا جارہا، بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں میں رکاوٹ ڈالی جارہی ہے۔

خط میں مطالبہ کیا گیا کہ عمران خان کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائے، اگربانی پی ٹی آئی کو جیل میں سہولیات نہ دی گئیں تو اعلی عدالتوں سے رجوع کیا جائے گا۔