مصطفیٰ کمال کے صرف پنجاب میں بجلی کی قیمت میں کمی کے اعتراض پر مریم نواز کا جواب
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ صرف پنجاب میں بجلی کی قیمتوں کو کم کرنے کا فیصلہ قبول نہیں، جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جواب دیا کہ پنجاب نے یہ ریلیف مفت میں نہیں بلکہ اپنے عوام کے لیے پیسے دے کر لیا ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اُمید ہے وزیرِ اعظم شہباز شریف پورے ملک کے لیے بجلی کی قیمت کم کرنے کا اعلان کریں گے، بجلی کے معاملے کو سنجیدگی سے نہیں دیکھا گیا تو پاکستان دیوالیہ ہو جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مائیکر بلاگنگ ویب سائٹ ’ایکس‘ پر مصطفیٰ کمال کو جواب دیتے ہوئے کہا ’پیارے مصطفیٰ بھائی، پنجاب نے یہ ریلیف مفت میں نہیں بلکہ اپنے عوام کے لیے پیسے دے کر لیا ہے اور اس کے لیے پنجاب نے اپنے بجٹ سے 45 ارب ادا کیے ہیں‘۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا ’مجھے خوشی ہوگی اگر آپ حکومت سندھ سے بات کریں اور وہ بھی اپنے عوام کو یہ ریلف فراہم کریں‘۔
مصطفیٰ کمال نے ایکس پر مریم نواز کی پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پیاری مریم بی بی، آپ کے قیمتی مشورے کا شکریہ! لیکن اگر ہماری سندھ حکومت کا حسن اخلاق اور برتاؤ پچھلے 15 سالوں سے اتنا ہی اچھا ہوتا تو ہمیں کیا ضرورت تھی کہ 2024 کے الیکشن سے 4 ماہ قبل ہم لاہور آ کر آپ کی پارٹی کے ساتھ غیر مشروط حمایت کا اعلان کرتے، جس پر ہم آج تک قائم ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ میں نے آج اپنی پریس کانفرنس میں پنجاب حکومت سے درخواست نہیں کی بلکہ ریاست پاکستان کے سربراہ وزیراعظم پاکستان سے درخواست کی ہے کہ خدارا سندھ بالخصوص کراچی پر رحم کریں اور ہمیں بھی پاکستان میں برابر کا شہری سمجھ کر جینے کا حق دیں کیونکہ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ پچھلے کئی ماہ سے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقاتوں میں بارہا اس بات کی طرف توجہ دلائی ہے اور انہوں نے سندھ بالخصوص کراچی، حیدراباد سمیت سندھ کے شہری علاقوں کے رہنے والوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کا وعدہ کیا تھا، ہم صرف انہی وعدوں کی تکمیل کے منتظر ہیں۔
اس سے قبل، حافظ نعیم الرحمٰن نے پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ جماعت اسلامی کے دھرنے اور دباؤ کے نتیجے میں حکمران مجبور ہوئے، تاہم بجلی کی قیمتوں میں کمی کا ریلیف پورے پاکستان کو ملنا چاہئے، پنجاب میں بجلی سستی ہوسکتی ہے تو سندھ میں کیوں نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاق کا نظام کراچی سے جمع ہونے والے ٹیکس سے چلتا ہے، پاکستان میں 50 فیصد سے زائد ٹیکس کراچی دیتا ہے، یہاں بجلی کے پیسے کیوں کم نہیں ہوسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا تھا کہ پنجاب میں 500 تک یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کو فی یونٹ 14 روپے ریلیف دیا جائے گا۔