پاکستان

سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی بازیابی کی درخواست: پولیس کو نوٹس جاری، جواب طلب

جسٹس محمد رضا قریشی نے محمد اکرم کی اہلیہ کی درخواست پر سماعت کی، اکرم کی درخواست گزار اہلیہ کی جانب سے ایڈووکیٹ ایمان مزاری عدالت میں پیش ہوئیں۔
|

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کی بازیابی کی درخواست پر تھانہ صدر بیرونی پولیس کو منگل کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

ڈان نیوز کے مطابق جسٹس محمد رضا قریشی نے محمد اکرم کی اہلیہ کی درخواست پر سماعت کی، اکرم کی درخواست گزار اہلیہ کی جانب سے ایڈووکیٹ ایمان مزاری عدالت میں پیش ہوئیں۔

درخواستگزار کی وکیل نے بتایا کہ14 اگست سے اکرم سے متعلق کچھ معلوم نہیں ، تھانہ صدر بیرونی پولیس کو مقدمے کے اندراج کی درخواست دی لیکن ابھی ایف آئی آر نہیں ہوئی ہے۔

بعد ازاں عدالت نے تھانہ صدر بیرونی پولیس کو منگل کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

یاد رہے کہ 14 اگست کو حساس اداروں نے بانی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) عمران خان کے لیے مبینہ سہولت کاری اور اختیارات سے تجاوز کرنے کے الزام میں اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کو حراست میں لے لیا تھا۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پر خفیہ طور پر بانی پی ٹی آئی کے لیے پیغام رسانی، ان کے لیے سہولت کاری اور اختیارات سے تجاوز کرنے کا الزام ہے۔

حساس اداروں نے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کو بھی صورتحال سے آگاہ کر دیا تھا۔

یاد رہے کہ سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم اڈیالہ جیل میں ہائی سیکیورٹی زون کے انچارج تھے اور انہیں 20 جون کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا، محمد اکرم کی جگہ طاہر صدیق شاہ کو اڈیالہ جیل کا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ مقرر کردیا گیا تھا۔

توشہ خانہ سمیت مختلف مقدمات میں سزا یافتہ بانی پی ٹی آئی اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔