پاکستان

بانی پی ٹی آئی کی مبینہ سہولت کاری، اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ زیر حراست

حساس اداروں کی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم سے تحقیقات جاری ہیں اور تحقیقات کے بعد محکمانہ کارروائی ہوگی۔

حساس اداروں نے بانی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) عمران خان کے لیے مبینہ سہولت کاری اور اختیارات سے تجاوز کرنے کے الزام میں اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو حراست میں لے لیا۔

ڈان نیوز کے مطابق حساس اداروں نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کو حراست میں لے لیا۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پر خفیہ طور پر بانی پی ٹی آئی کے لیے پیغام رسانی، ان کے لیے سہولت کاری اور اختیارات سے تجاوز کرنے کا الزام ہے۔

حساس اداروں کی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم سے تحقیقات جاری ہیں اور تحقیقات کے بعد محکمانہ کارروائی ہوگی۔

حساس اداروں نے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کو بھی صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے۔

سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم اڈیالہ جیل میں ہائی سیکیورٹی زون کے انچارج تھے اور انہیں 20 جون کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

محمد اکرم کی جگہ طاہر صدیق شاہ کو اڈیالہ جیل کا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ مقرر کردیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ توشہ خانہ سمیت مختلف مقدمات میں سزا یافتہ بانی پی ٹی آئی اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔