پاکستان

واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی پروقار تقریب کا انعقاد، فضا نعروں سے گونج اٹھی

یوم آزادی کے موقع پر واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، ملی جوش و جذبے سے بھرپور پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

یوم آزادی کے موقع پر لاہور میں واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ملی جوش و جذبے سے بھرپور پاکستانی شائقین کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔

ڈان نیوز کے مطابق واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ملی جوش و جذبے سے بھرپور پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز پاکستان کے قومی ترانے سے ہوا جس کے بعد پاکستان رینجرز کے باہمت اور کڑیل جوانوں نے پریڈ کی۔

پرچم اتارنے کی تقریب کے دوران پاکستانی پرچم کے ساتھ نوجوان، بزرگ، بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ اس موقع پر پاکستان رینجرز کے جوانوں کے ساتھ ساتھ عوام کا جوش و خروش اور فلک شگاف نعروں سے فضا گونج اٹھی۔

اس موقع پر پاکستان اور بھارتی رینجرز کے سرحدی محافظ پریڈ کے دوران ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کرتے نظر آئے اور وہاں پاکستانی شائقین نے اپنے جوانوں کا نعروں کے ساتھ بھرپور ساتھ دیا اور فضا میں پاکستانی جوانوں کے بوٹوں کی گھن گرج سنائی دی۔

رینجرز کی دلیرانہ انداز کی پریڈ کے دوران تقریب دیکھنے کے لیے موجود عوام اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند کرتے رہے۔