لائف اسٹائل

پولیس میں رپورٹ درج کرادی، انصاف کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، نمرہ خان

تھانے آنے سے قبل بہت خدشات تھے لیکن خاتون پولیس افسر سے ملنے اور رپورٹ درج کروانے کے بعد مطمئن ہوں، انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، اداکارہ

اداکارہ نمرہ خان نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے اپنے ساتھ ہونے والے واقعے کی پولیس میں رپورٹ درج کرادی اور پولیس نے انہیں انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

نمرہ خان نے گزری پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کروانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ انہوں نے خاتون افسر منیشا کے سامنے اپنے ساتھ ہونے والے واقعے کی رپورٹ درج کروائی۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس تھانے آنے سے قبل انہیں بہت خدشات تھے لیکن خاتون پولیس افسر سے ملنے اور رپورٹ درج کروانے کے بعد وہ مطمئن ہیں اور انہیں انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

نمرہ خان نے یہ بھی بتایا کہ اپنے ساتھ ہونے والے واقعے کے دوران موٹر سائیکل سوار ملزمان کو دھکا دے کر وہاں سے فرار ہونا ان کی بے وقوفی تھی، کسی کو ایسا نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ خدا نے ان کا ساتھ دیا اور حفاظت کی اور انہیں معلوم نہیں وہ کیسے وہاں سے بچ کر فرار ہوئیں لیکن موٹرسائیکل سوار ملزمان کو دھکا دینا ان کی غلطی تھی۔

انہوں نے دوسری خواتین کو بھی مشورہ دیا کہ اگر ان کے ساتھ بھی ایسا کوئی واقعہ ہو تو وہ مدد کے لیے آواز ضرور اٹھائیں، چلائیں اور پولیس میں رپورٹ لازمی درج کروائیں۔

ان کے مطابق خواتین کو اپنے رشتے دار ہی کیوں نہ تنگ کر رہے ہوں، پھر بھی انہیں پولیس میں رپورٹ درج کروانی چاہیے۔

دوسری جانب انہوں نے انسٹاگرام پر نئی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں اغوا کی کوشش کرنے والے ملزمان انہیں جانتے نہیں تھے اور وہ ان کا جان بوجھ کر پیچھا نہیں کر رہے تھے، ملزمان نے انہیں عام خاتون سمجھ کر اغوا کرنے یا لوٹنے کی کوشش کی، ان کی جگہ کوئی بھی خاتون ہو سکتی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی جانب سے اپنے ساتھ ہونے والے واقعے سے متعلق ویڈیو پیغام جاری کرنے کا مقصد یہی تھا کہ دوسری خواتین بھی ایسے واقعات پر بولیں اور پولیس میں رپورٹ درج کروائیں۔

نمرہ خان کی جانب سے پولیس میں رپورٹ درج کروانے سے قبل پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی ریلیز کی تھی، جن میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کو اداکارہ کے پاس آتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکارہ ملزمان کو دھکا دے کر وہاں سے فرار ہوکر ایک کار سوار کی مدد لیتی ہیں اور جائے وقوعہ سے چلی جاتی ہیں جب کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان بھی فرار ہوجاتے ہیں۔

اس سے قبل نمرہ خان نے انسٹاگرام پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی، ویڈیو کے دوران اداکارہ آبدیدہ بھی ہوگئی تھیں۔

نمرہ خان کو اغوا کرنے کی کوشش کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے آگئیں

سندھ پولیس نے نمرہ خان کے مبینہ اغوا کا نوٹس لے لیا

مجھے اغوا کرنے کی کوشش کی گئی، نمرہ خان