پاکستان

پاکستان کیلئے خدمات پر 104 پاکستانی اورغیر ملکیوں کو اعزازات دینے کی منظوری

ایوارڈز کا اعلان پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر کیا گیا اور یہ ایوارڈز 23 مارچ 2025 کو یوم پاکستان کے موقع پر دیے جائیں گے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے 104 پاکستانیوں اور غیر ملکیوں کو ان کے متعلقہ شعبوں میں خدمات، بہترین کارکردگی کے اعتراف میں قومی اعزازات سے نوازنے کا اعلان کر دیا۔

سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق ایوارڈز کا اعلان پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر کیا گیا اور یہ ایوارڈز 23 مارچ 2025 کو یوم پاکستان کے موقع پر دیے جائیں گے۔

صدر مملکت نے سائنس اور انجینئرنگ، تعلیم، طب، فنون، ادب، کھیل، سماجی خدمات، انسان دوستی، کاروبار، ٹیکس دہندگان اور برآمد کنندگان، عوامی خدمات، بہادری اور خدمات کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی پر ایوارڈز دینے کا اعلان کیا۔

سابق صدر و وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کو ان کی عوامی خدمات کے اعتراف میں نشان پاکستان سے نوازنے کی منظوری دی گئی۔

کھیلوں کے شعبے میں آصف علی زرداری نے پیرس اولمپکس 2024 میں سونے کا تمغہ جیتنے اور اولمپک ریکارڈ توڑنے والے ارشد ندیم کے لیے ہلال امتیاز کا اعلان کیا۔

دریں اثنا، ستارہ امتیاز معروف کوہ پیما مراد سدپارہ کو بعد از مرگ دیے جانے کا اعلان کیا گیا، جو چند روز قبل گلگت بلتستان کی چوٹی پر پھنس گئے تھے، جنہیں بچانے کے لیے فوج کی جانب سے آپریشن شروع کیا گیا تھا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے تھے۔

شعبہ کھیل کے دیگر ایوارڈز حاصل کرنے والوں میں مقصود احمد، عماد شکیل بٹ، رحمٰن اشتیاق، میر نادر خان مگسی شامل ہوں گے، جنہیں تمغہ امتیاز دیا جائے گا، جبکہ عامر اشفاق کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا جائے گا۔

سائنس کے شعبے میں نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے امیر حفیظ ابراہیم کو ہلال امتیاز، ڈاکٹر غلام محمد علی اور سردار محمد آفتاب احمد خان کو ستارہ امتیاز دینے کا اعلان کیا جبکہ ڈاکٹر سارہ قریشی، ڈاکٹر رفیع الدین اور پروفیسر ڈاکٹر عثمان قمر کو تمغہ امتیاز سے نوازنے کی منظوری دی گئی ہے۔

تعلیمی میدان میں سعدیہ رشید کو ہلال امتیاز جبکہ ڈاکٹر سلیمان شہاب الدین اور سید اظہر حسین عابدی کو ستارہ امتیاز سے نوازا جائے گا، اس کے علاوہ پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ برکت شاہ، عبدالرشید کاکڑ اور عنیقہ بانو کو دیا جائے گا۔

شعبہ طب میں ان کی خدمات پر آصف علی زرداری نے ڈاکٹر شہریار اور ڈاکٹر زریاب سیٹھنا کو ہلال امتیاز اور ڈاکٹر عاکف اللہ خان، ڈاکٹر سید عابد مہدی کاظمی اور اکرام اللہ خان کو تمغہ امتیاز سے نوازنے کا اعلان کیا۔

فنون کے شعبے میں کولن ڈیوڈ کو ستارہ امتیاز سے جبکہ ارشد عزیز ملک، بختیار احمد اور بیرسٹر ظفر اللہ کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائے گا، اس کے علاوہ پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ فریحہ پرویز، حامد رانا، شیبا ارشد اور نوید احمد بھٹی کو دیا جائے گا۔

ادب کے شعبوں میں جاوید جبار (ہلال امتیاز)، سلمان اعوان، ظفر وقار تاج اور منیزہ شمسی (ستارہ امتیاز)، سید جواد حسین جعفری (تمغہ امتیاز) اور عنبرین حسیب (پرائیڈ آف پرفارمنس) جبکہ نشان امتیاز ناصر کاظمی کو بعد از مرگ دیا جائے گا۔

ستارہ امتیاز حاصل کرنے والوں میں میاں عزیز احمد، ہنید لاکھانی، ثنا ہاشوانی اور صفیناز منیر شامل ہیں، جو لگژری لباس برانڈ ثنا صفیناز کی روح رواں ہیں، اس کے علاوہ خواجہ انور مجید اور حسین داؤد کو ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا۔

جن ٹیکس پیئر اور برآمد کنندگان کو ستارہ امتیاز سے نوازا جائے گا، ان میں سید عمران علی شاہ، ناظم الدین فیروز، امتیاز حسین، عدنان نیاز، زاہد احمد غریب اور سید اسد حسین زیدی شامل ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پنجگور کے ڈپٹی کمشنر ذاکر حسین بلوچ کو ستارہ شجاعت دینے کا بھی اعلان کیا جو حال ہی میں مستونگ میں دہشت گرد حملے میں شہید ہوئے تھے، اس کے علاوہ کیپٹن (ر) محمد خرم آغا، ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ اور عمر فاروق کو ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا۔

عوامی خدمات کے حوالے سے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی، ڈاکٹر حامد عتیق سرور، وقاص الدین سید، جمیل احمد، ایاز خان، احمد اسحٰق جہانگیر اور عرفان نواز میمن کو ستارہ امتیاز سے نوازا جائے گا، اس کے علاوہ سید شکیل شاہ، اشہد جواد، رباب سکندر، محمد یوسف خان، کارڈینل جوزف کاؤٹس، ریحان مہتاب چاؤلہ، ریئر ایڈمرل تنویر اور عامر محمود لاکھانی کے لیے تمغہ امتیاز کا اعلان کیا گیا۔

سب انسپکٹر تیمور شہزاد شہید، سپاہی محمد آصف شہید، ایس پی محمد اعزاز خان، ڈی ایس پی سردار حسین شہید، ڈی ایس پی علامہ اقبال شہید، لاہور ہائی کورٹ محمد فاروق شہید، ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی شہید، اللہ رکھاو نندوانی، کانسٹیبل جہانزیب اور کانسٹیبل ارشاد علی شہیدکو ب عد از مرگ ہلال شجاعت سے نوازا جائے گا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملک سبز علی شہید اور ریٹائرڈ کیپٹن حمزہ انجم کو ستارہ شجاعت جبکہ ملک محمود جان شہید، سعید خان، سمیع اللہ شہید، صاحب خان اور ڈاکٹر شفیع محمد بزنجو کے لیے تمغہ شجاعت کا اعلان کیا۔

پاکستان کے لیے خدمات پر جن غیر ملکیوں کو قومی اعزازات سے نوازا جائے گا، ان میں سعودی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان السعود (ہلال امتیاز)، فو زیہنگ (ہلالِ قائداعظم)، محمد سیف السویدی (ہلالِ قائداعظم)، ماجد بن عبداللہ الکسابی (ستارہ پاکستان)، عبداللہ السوہ (ستارہ پاکستان)، حیدر قربونوئے (ستارہِ قائداعظم) اور ڈاکٹر کرسٹین شموٹزر (ستارہِ قائداعظم) شامل ہیں۔

صدر مملکت نے کوہ پیما لوکاس ویرلے، ڈاکٹر اورور دیتھر، پروفیسر ویلیریا فیوریانی پیاسنٹینی اور اگوسٹینو ڈا پولینزا کو تمغہ پاکستان جبکہ ژانگ باؤژونگ اور زن مین لیو کو تمغہ قائداعظم اور ڈیانا میک آرتھر تمغہ الخدمت دینے کا اعلان کیا۔