لائف اسٹائل

نمرہ خان کو اغوا کرنے کی کوشش کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے آگئیں

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل ملزمان کے آنے کے بعد اداکارہ انہیں دھکا دے کر وہاں سے بھاگ نکلتی ہیں اور وہ مین روڈ پر آجاتی ہیں۔

اداکارہ نمرہ خان کو ایک روز قبل سندھ کے دارالحکومت کراچی کے پوش علاقے ڈی ایچ اے میں اغوا کرنے کی کوشش کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے آگئیں۔

سی سی ٹی وی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکارہ ہوٹل کے سامنے رات گئے گاڑی کے انتظار میں روڈ پر کھڑی ہوتی ہیں کہ ان کے پاس موٹر سائیکل سوار ملزمان آتے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل ملزمان کے آنے کے بعد اداکارہ انہیں دھکا دے کر وہاں سے بھاگ نکلتی ہیں اور وہ مین روڈ پر آجاتی ہیں۔

ویڈیو میں روڈ پر معمول کے مطابق ٹریفک کی روانی بھی نظر آتی ہے جب کہ روڈ کی دوسری طرف ہوٹل کے سیکیورٹی گارڈز کو بھی کھڑا دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نمرہ خان موٹر سائیکل سوار ملزمان کو دھکا دینے کے بعد روڈ پر آجاتی ہیں، جہاں انہوں نے ایک کار کو روک کر ان سے مدد مانگی۔

ویڈیو میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکارہ کی جانب سے مدد مانگے جانے کے بعد کار رک جاتی ہے اور اداکارہ اس میں بیٹھ کر وہاں سے نکل جاتی ہیں۔

ویڈیو میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کو بھی وہاں سے فرار ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سمیت سندھ پولیس نے اداکارہ کو اغوا کرنے کی کوشش کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران سے رپورٹ بھی طلب کرلی۔

ڈان میں شائع خبر کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے نمرہ خان کی جانب سے اپنی اغوا کی کوشش کی ویڈیو جاری کرنے کے بعد نوٹس لیتے ہوئے پولیس سے رپورٹ طلب کی۔

علاوہ ازیں ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) سائوتھ سید اسد رضا کے مطابق پولیس کی ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ ملزمان اداکارہ کو اغوا نہیں بلکہ انہیں لوٹنا چاہتے تھے۔

پولیس نے بعد ازاں میڈیا کو سی سی ٹی وی ویڈیو بھی فراہم کی تھی جو کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

خیال رہے کہ نمرہ خان نے 12 اور 13 اگست کی درمیان شب رات دیر گئے انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام میں بتایا تھا کہ انہیں کراچی میں اغوا کرنے کی کوشش کی گئی، تین ملزمان نے ان کے پیٹ پر پسٹول بھی رکھا۔

اداکارہ اپنی اغوا کی کوشش کی بات کرتے ہوئے آبدیدہ بھی ہوگئی تھیں اور انہوں نے کراچی میں خواتین کے تحفظ سے متعلق سوالات بھی اٹھائے تھے۔

مجھے اغوا کرنے کی کوشش کی گئی، نمرہ خان

سندھ پولیس نے نمرہ خان کے مبینہ اغوا کا نوٹس لے لیا

اللہ ہر پاکستانی کو سچا اور ایماندار بنائے، شوبز شخصیات کا جشن آزادی منانے کا منفرد انداز