لائف اسٹائل

سندھ پولیس نے نمرہ خان کے مبینہ اغوا کا نوٹس لے لیا

اداکارہ نے انسٹاگرام پر تقریبا 10 منٹ دورانے کی ویڈیو میں واقعے کی مکمل تفصیلات بتائیں اور اپنی اغوا کی کوشش پر بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔

سندھ پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) نے اداکارہ نمرہ خان کے مبینہ اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران سے رپورٹ طلب کرلی۔

اداکارہ نمرہ خان نے 12 اگست کو رات دیر گئے انسٹاگرام پر ویڈیو اپ لوڈ کی تھی، جس میں انہوں نے اپنے مبینہ اغوا کی کوشش کا دعویٰ کیا اور بتایا کہ انہیں صوبائی دارالحکومت کراچی کے ڈیفینس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے فیز 8 سے اغوا کرنے کی کوشش کی گئی۔

اداکارہ نے تقریبا 10 منٹ دورانے کی ویڈیو میں واقعے کی مکمل تفصیلات بتائیں اور اپنی اغوا کی کوشش پر بات کرتے ہوئے آبدیدہ بھی ہوگئیں۔

انہوں نے ملک میں خواتین کی حفاظت پر بھی سوالات اٹھائے اور کہا کہ تین ملزمان نے ان کے پیٹ پر پسٹول رکھ کر انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی لیکن انہوں نے فرار ہوکر اپنی جان بچائی۔

اداکارہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے نمرہ خان کے مبینہ اغوا کی کوشش کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سے رپورٹ طلب کرلی۔

علاوہ ازیں پولیس ترجمان نے تصدیق کی کہ نمرہ خان نے بھی ڈیفینس پولیس سے رابطہ کرکے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے سے متعلق تفصیلات فراہم کی ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق نمرہ خان ڈیفینس پولیس تھانے پہنچ کر فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) دائر کروائیں گی اور ان کی جانب سے دائر مقدمے کی روشنی میں تفتیش کرکے ملزمان کو کٹہڑے میں لایا جائے گا۔

دوسری جانب شوبز شخصیات نے بھی نمرہ خان کو مبینہ طور پر اغوا کرنے کی کوشش کے واقعے پر شدید برہمی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہر کی سیکیورٹی پر سوالات اٹھائے۔

’برزخ‘ کے معاملے پر ماریہ بی کے ساتھ ہوں، شوبز میں ہم جنس پرست لوگ موجود ہیں، خلیل الرحمٰن قمر

ملک کا نام روشن کرنے کیلئے مزید محنت کروں گا، ارشد ندیم

عراق میں گزشتہ ایک مہینے میں 1200 پاکستانی شہری گرفتار