پاکستان

کوئٹہ: سریاب کے علاقے منیر مینگل روڈ پر گرلز اسکول میں دھماکا

دھماکے کے نتیجے میں اسکول کو شدید نقصان پہنچا ہے، دھماکے میں اسکول کا چوکیدار معمولی زخمی ہوا ہے، پولیس ذرائع
|

کوئٹہ میں سریاب کے علاقے منیر مینگل روڈ پر گرلز اسکول میں دھماکا ہوگیا۔

ڈان نیوز کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایا کہ دھماکا نواب غوث بخش گرلز ہائی اسکول کے اندر ہوا، اسکول ٹائمنگ نہ ہونے کے باعث واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ دھماکے کے نتیجے میں اسکول کو شدید نقصان پہنچا ہے، دھماکے میں اسکول کا چوکیدار معمولی زخمی ہوا، دھماکے میں 200 گرام بارودی مواد اور بال بیرنگ کا استعمال کیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع نے کہا کہ دھماکا صبح 7 بجے سے قبل ہوا۔

یاد رہے کہ 23 جولائی کو خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کے گاؤں زرکی میں لڑکیوں کے ایک سرکاری مڈل اسکول کو دھماکا کر کے تباہ کر دیا گیا تھا۔

3 جون کو خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر میں نجی اسکول کے سامنے زوردار دھماکے سے پورا علاقہ لرز اٹھا تھا۔

10 مئی کو خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل شیوا میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے لڑکیوں کے ایک نجی اسکول کو دھماکے سے اڑا دیا گیا تھا۔