پاکستان

جولائی میں کاروں کی فروخت میں 36 فیصد کمی

کاروں، ایس یو ویز، پک اپس اور وینز کی فروخت جولائی میں 8 ہزار 589 یونٹس ریکارڈ کی گئی۔

کاروں، اسپورٹس یوٹیلیٹی وہیکلز (ایس یو ویز)، پک اپس اور وینز کی فروخت جولائی میں 8 ہزار 589 یونٹس رہی، جو سالانہ بنیادوں پر60 فیصد اضافہ جبکہ ماہانہ بنیادوں پر 36 فیصد کمی ظاہر کرتا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جولائی میں کاروں کی فروخت میں کمی کو بنیادی طور پر مالی سال 2025 کے بجٹ میں نافذ کردہ ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح میں اضافے کو قرار دیا جا سکتا ہے، نتیجتاً مالی سال 2024 کے آخری مہینے میں زیادہ خریداری کی گئی، جس کے سبب جون میں فروخت 18 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، ٹویوٹا کرولا، ٹویوٹا یارِس، اور کرولا کراس کی فروخت جولائی 2024 میں ایک ہزار 106یونٹس تک پہنچ گئی، جس کا حجم جولائی 2023 میں ایک ہزار 67 رہا تھا، ٹویوٹا فارچیونر اور ریوو کی فروخت مذکورہ مدت میں 301 یونٹس سے بڑھ کر 558 ہوگئی، تاہم انڈس موٹر کمپنی کی کل فروخت جولائی میں ماہانہ بنیادوں پر 44 فیصد کم رہی۔

ہونڈا سوک اور سٹی کی فروخت جولائی 2023 میں 208 سے بڑھ کر 790 ہو گئی جبکہ ہونڈا بی آر وی اور ایچ آر وی کی فروخت 286 سے کم ہو کر 141 یونٹس رہ گئی، ہونڈا اٹلس کی جولائی میں کل فروخت ماہ بہ ماہ 15 فیصد کم تھی۔

سوزوکی سوئفٹ کی فروخت جولائی 2024 میں 502 یونٹس تک پہنچ گئی، جس کا حجم گزشتہ برس جولائی میں 249 یونٹس رہا تھا جبکہ سوزوکی کلٹس اور ویگن آر کی فروخت جولائی 2023 کے 177 اور 245 یونٹس کے مقابلے میں کم ہو کر بالترتیب 96 اور 139 یونٹس رہ گئی۔

ہنڈائی ایلانٹرا، سوناٹا اور ٹکسن کی فروخت جولائی 2024 میں 80، 90 اور 328 یونٹس سے کم ہو کر جولائی 2024 میں 33، 34 اور 113 یونٹس رہ گئی، جبکہ ہنڈائی پورٹر کی فروخت مذکورہ مدت میں 71 یونٹس سے بڑھ کر 349 تک پہنچ گئی۔

موٹرسائیکل اور رکشوں کی فروخت جولائی میں 84 ہزار 993 یونٹس ریکارڈ کی گئی، یہ ماہانہ بنیادوں پر 5 فیصد کمی لیکن سال بہ سال 15 فیصد اضافہ ہے۔

ٹرک اور بسوں کی فروخت ماہ بہ ماہ 3 فیصد اور سال بہ سال 57 فیصد بڑھی جو جولائی میں 307 یونٹس تک پہنچ گئی۔