اولمپکس کی اختتامی تقریب میں ٹام کروز کی چھلانگ، سوشل میڈیا صارفین ہکا بکا
اولمپکس 2024 میں جہاں دنیا بھر سے ایتھلیٹس کی جانب سے شرکت کی گئی، وہیں ہالی وُڈ اداکار ٹام کروز کی جانب سے اختتامی تقریب میں پرفارم کیا گیا اسٹنٹ سب کی توجہ حاصل کر رہا ہے۔
11 اگست کو ہالی وُڈ اداکار نے پیرس میں اختتامی تقریب میں پُر خطر پرفارمنس پیش کی تھی، فلم ’مشن: امپاسبل‘ کے ہیرو نے ڈرامائی انداز میں فرانس کے شہر پیرس سے اولمپک کا جھنڈا تھاما اور لاس اینجلیس تک لے گئے۔
ٹام کروز کی پُر خطر پرفارمنس کی شروعات ’اسٹیڈ دی فرانس‘ سے ہوئی جہاں سے انہوں نے چھلانگ لگائی اور اولمپک کے جھنڈے کی جانب قدم بڑھائے، تاہم حاضرین محفل اور ناظرین 62 سالہ اداکار کے اس پُر خطر اسٹنٹ پر ہکے بکے دکھائی دیے، ساتھ ہی اداکار کو سراہتے بھی دکھائی دیے۔
اس کے بعد اداکار نے قدم جماتے ہوئے اولمپکس کے جھنڈے کو تھاما، چونکہ اگلا اولمپکس امریکی ریاست لاس اینجلیس میں منعقد ہوگا، یہی وجہ ہےکہ آگے چل کر ٹام کروز اس جھنڈے کو لاس اینجلیس لے آئے۔
ویڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ جھنڈا تھامتے ہی اداکار فلمی ایکشن مووی کی طرز پر فرانس کی سڑکوں سے اولمپکس کے جھنڈے کو ایئرپورٹ پر کھڑے ہوائی جہاز کے اندر لے گئے۔
جس کے بعد انہوں نے چلتے جہاز سے ڈرامائی انداز میں چھلانگ لگائی اور پھر ہالی وُڈ کے حوالے سے مقبول لاس اینجلیس کے پہاڑ پر بنے لوگو “ہالی وُڈ’ پر اولمپکس کے ’رنگز‘ لگا دیے۔
واضح رہے کھیلوں کی دنیا کا سب سے بڑا میلا ہر 4 سال بعد سجتا ہے، 2024 میں سجنے والا یہ میلا اب 4 سال بعد یعنی 2028 میں امریکی ریاست لاس اینجلیس میں منعقد ہوگا۔