کھیل

ارشد ندیم کا آبائی گاؤں آمد پر شاندار استقبال، فضا ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعروں سے گونج اٹھی

عوام مجھے اسی طرح پیار، محبت دیتے رہیں، آنے والے مقابلوں کے لیے اور محنت کروں گا، فٹ رہا تو ملک کے لیے ورلڈ ریکارڈ بناؤں گا، قومی ہیرو کی گھر آمد پر میڈیا سے گفتگو

پیر اولمپک میں گولڈ میڈل جیتنے والے قومی ہیرو ارشد ندیم آبائی علاقے میاں جنوں میں موجود اپنے گھر پہنچ گئے ہیں، جہاں ہزاروں لوگوں نے قومی ہیروارشد ندیم کا پرتپاک استقبال کیا۔

ڈان نیوز کے مطابق گولڈ میڈلسٹ ایتھلیٹ کی آمد کے موقع پر علاقے کے داخلی دروازوں پر خوش آمدید ارشد ندیم کے بینرز آویزاں کیے گئے جبکہ ارشد ندیم پرپھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

پیرس اولمپکس 2024 میں سونے کا تمغہ حاصل کرنے والے ارشد ندیم کا لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ گولڈ میڈل حاصل کرنے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔

ارشد ندیم کا اظہار تشکر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قوم کی دعاؤں سے اللہ نے عزت دی، امید تھی پیرس اولمپکس میں ملک کا نام روشن کروں گا۔قومی ہیرو کی پرواز کا لاہور ایئرپورٹ پر واٹر کینن سے استقبال کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام مجھے اسی طرح پیار، محبت دیتے رہیں، آنے والے مقابلوں کے لیے مزید محنت کروں گا اور اللہ مجھے فٹ رکھے تو میں ملک کے لیے ورلڈ ریکارڈ بناؤں گا۔

ارشد ندیم نے بھارتی کھلاڑی نیرج چوپڑا کے حوالے سے کہا کہ وہ بھائی ہے، بھائیوں کی طرح ہے، وہ دوست بھی ہے، انہوں نے اور میں نے جتنی جتنی محنت کی، اللہ نے اس کا پھل دیا۔

قومی ہیرو نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں کی جنوبی ایشیا کے دو کھلاڑیوں نے پوری دنیا میں کارکردگی دکھائی۔

جبکہ اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے لاہور سے میاں چُنوں جاتے ہوئے راستے میں نماز فجر کی ادائیگی کے لیے رائیونڈ کے تبلیغی مرکز میں قیام کیا، اس اہم کامیابی پر ارشد ندیم سجدہ ریز ہو کر اللہ کا شکر ادا کرتے بھی دکھائی دیے۔

اپنے آبائی گاؤں میاں چنوں کی جانب سفر کے دوران جگہ جگہ قومی ہیرو کا شاندار استقبال کیا گیا، ارشد ندیم کا قافلہ چیچہ وطنی بائی پاس پر پہنچا تو شہریوں نے پھولوں کے ہار پہناکر ان کا استقبال کیا، پھول کی پتیاں بھی نچھاور کیں اور ارشد ندیم قومی ہیرو اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔

ساہیوال پہنچنے پر بھی قومی ہیرو کا بھرپور خیرمقدم کیا گیا۔

رات گئے ارشد ندیم ترکش پرواز سے رات 1 بج کر 25 منٹ پر لاہور ایئرپورٹ پہنچے تھے، جہاں وفاقی وزیر احسن اقبال، وزیر مملکت شزہ فاطمہ، چئیرمین پی ایم یوتھ پروگرام رانا مشہود، صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری اور خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر شخصیات کی جانب سے قومی ہیرو کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔

لاہور ایئرپورٹ پر عوام کی بڑی تعداد قومی ہیرو کا استقبال کرنے پہنچی تھی، جبکہ ارشد ندیم کے اہل خانہ اور عزیزو اقارب کے ساتھ آبائی شہر میاں چنوں سے مداحوں کا قافلہ بھی لاہور استقبال کے لیے آیا۔ بینڈ نے دھنیں بکھیر کر ماحول میں مزید جوش پیدا کردیا تھا۔ عوام نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں۔

ائیرپورٹ اسٹیٹ لاؤنج میں ارشد ندیم کے والد بھی موجود تھے، انہوں نے بیٹے کو دیکھتے ہی فوراً چوما اور زور سے گلے لگایا، ساتھ ہی پھولوں کے ہار بھی پہنائے۔

بیٹے کے اسقبال کے دوران والد جذباتی ہوگئے جبکہ خود ارشد ندیم کی آنکھیں بھی پُرنم دکھائی دیں، اس موقع پر ارشد ندیم کے والد کا اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میرے بیٹے نے قوم کا مان رکھ لیا، میں تو ایک مزدورہوں، اللہ کا کرم ہوگیا۔

واضح رہے کہ پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلوں میں پاکستان کے ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھرو کرتے ہوئے پاکستان کو 40سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل جتوایا۔

پاکستان کے ارشد ندیم پہلی تھرو صحیح نہ کر سکے اور ان کی پہلی تھرو کو فاؤل قرار دے دیا گیا تھا، تیسرے راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے 88.72 میٹرز کی تھرو کی جبکہ جمہوریہ چیک کے جیکب ویڈلیج نے 88.50 میٹر دور نیزہ پھینکا۔

ارشد ندیم نے چوتھی تھرو میں نیزہ 79.40 میٹرز دور پھینکا، انہوں نے پانچویں تھرو کیا تو نیزہ 84.87 میٹر دور جا گرا۔

چھٹے اور آخری راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے مقابلے میں دوسری بہترین تھرو کرتے ہوئے نیزہ 91.79 میٹرز دور پھینک کر اولمپک کی دوسری بہترین تھرو کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔

ارشد ندیم کے شاندار استقبال کیلئے تیاریاں مکمل

ایف بی آر کی ارشد ندیم کو ملنے والی انعامی رقم پر ٹیکس لگانے کی تردید

ملک کے 77ویں یوم آزادی کے موقع پر جاری کیے گئے ڈاک ٹکٹ پر ارشد ندیم کی تصویر آویزاں