پاکستان

وزیراعظم کا پیپرا میں کرپشن، اختیارات کے ناجائر استعمال کے الزامات کا نوٹس

کابینہ ڈویژن نے وزیراعظم کی ہدایت پر معاملہ پیپرا بورڈ میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے پیپرا اٹھارٹی سے کارروائی کی سفارش کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے فیڈرل پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) میں کرپشن، اختیارات کے ناجائر استعمال کے الزامات کا نوٹس لے لیا۔

ڈان نیوز کے مطابق کابینہ ڈویژن نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر معاملہ پیپرا بورڈ میں پیش کرنے کی ہدایت کردی، کابینہ ڈویژن کے خط میں پیپرا اٹھارٹی سے کارروائی کی سفارش کی گئی۔

خط میں کہا گیا کہ وزیراعظم آفس سے پیپرا افسران کے خلاف سنگین الزامات کی متعدد شکایات موصول ہوئیں، پیپرا کے افسران پر اختیارات کے ناجائز استعمال، کرپشن، جانبداری کے سنجیدہ الزامات ہے۔

خط میں لکھا گیا کہ پیپرا جی آرسی کمیٹی پروکیورمنٹ کیسز کا فیصلہ ٹھیکیداروں کےحق میں کررہی ہے، اس قسم کے فیصلوں سے قومی خزانوں کو اربوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے، زیادہ تر کیسز این ایچ اے، پی ڈبلیو ڈی اور توانائی کے شعبے کے متعلق ہے۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے لکھے گئے خط میں پیپرا کے افسران کے نام بھی دیے گئے ہےجن پر سنجیدہ الزامات ہے، ان افسران میں محمد خورشید، علی تیمور، یاسر شمیم خان، شہریار مسعود، عبدالنبی ،عاتق حیدر بیگ، عاصمہ شاہین، محمد ندیم، طارق جاوید خان، مقبول احمد گوندل شامل ہیں۔

خط میں مزید کہا گیا کہ پیپرا افسران نے عالمی بینک کے قرض کی رقم سے غیر ضروری اعزایہ بھی وصول کیا، اس سارے معاملے کو پیپرا بورڈ کے سامنے پیش کیا جائے، پیپرا بورڈ اس پر کاروائی کرکے وزیراعظم آفس کو آگاہ کریں۔