پاکستان

بلوچستان: حالیہ مون سون بارشوں کے دوران 3 بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق

حالیہ مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں7 بچوں سمیت8 افرادزخمی ہوئے، 15 گھر مکمل تباہ جب کہ 34گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، پی ڈی ایم اے

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے دوران اب تک 3 بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق جب کہ 8 زخمی ہوئے۔

مون سون بارشوں کے نقصانات کے حوالے سے صوبائی ڈیزاسسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے رپورٹ جاری کردی ہے۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں 3 بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق ہوئے، اس کے علاوہ مختلف حادثات میں7 بچوں سمیت8افرادزخمی بھی ہوئے۔

اس میں بتایا گیا کہ سیلابی ریلوں کےباعث 15 گھر مکمل تباہ جب کہ 34گھروں کوجزوی نقصان پہنچا، اس دوران طوفانی بارشوں سے 62 ایکڑ زرعی زمین اور 12 کلو میٹر سڑکیں متاثر ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق سیلابی صورتحال کے باعث 5 پلوں کو نقصان پہنچا، آسمانی بجلی گرنے اور مختلف واقعات میں 82 مویشی ہلاک ہوئے۔

پی ڈی ایم اے حکام نے بتایا کہ بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، شدید بارشوں سے متاثرہ 4 اضلاع میں حکومت بلوچستان نےایمرجنسی نافذکردی ہے۔