پاکستان

ارشد ندیم کے پیرس میں پاکستان سفارت خانے پہنچنے پر جشن

پیرس اولمپکس کے لیے میں نے اور کوچ نے بہت محنت کی، کرکٹ چھوڑ کر ایتھلیٹکس کی جانب آیا، ارشد ندیم

اولمپکس میں تاریخ رقم کرکے گولڈ میڈل جیتنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم کے پیرس میں پاکستان سفارت خانے پہنچنے پر جشن کیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق مداحوں نےڈھول بجاکر اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاکر ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے پہلا انفرادی گولڈمیڈل جیتنے پرخوشی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیرس اولمپکس کے لیے میں نے اور کوچ نے بہت محنت کی، مزید کہا کہ کرکٹ چھوڑ کر ایتھلیٹکس کی جانب آیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پیرس اولمپکس کے جیولن تھرو مقابلے میں اولمپک ریکارڈ بنانے والے ارشد ندیم کو طلائی تمغہ دے دیا گیا۔

جیولن تھرو فائنل کی میڈل تقسیم کی تقریب میں بھارت کے نیرج چوپڑا کو چاندی اور گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز کو کانسی کا تمغہ دیا تھا۔

تمغات دینے کے بعد پاکستان کا پرچم سربلند کیا گیا اور قومی ترانے کی دھن بھی بجائی گئی، اس موقع پر ارشد ندیم کی آنکھیں نم دکھائی دیں۔

میڈل تقریب کے بعد تینوں میڈلسٹ نے تصویر بھی کھنچوائی۔

اس سے ایک روز قبل پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلے میں پاکستان کے ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھرو کرتے ہوئے پاکستان کو 40 سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل جتوایا۔

پاکستان کے ارشد ندیم پہلی تھرو صحیح نہ کر سکے اور ان کی پہلی تھرو کو فاؤل قرار دے دیا گیا تھا، تیسرے راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے 88.72 میٹرز کی تھرو کی جبکہ جمہوریہ چیک کے جیکب ویڈلیج نے 88.50 میٹر دور نیزہ پھینکا۔

ارشد ندیم نے چوتھی تھرو میں نیزہ 79.40 میٹرز دور پھینکا، انہوں نے پانچویں تھرو کی تو نیزہ 84.87 میٹر دور جا گرا۔

چھٹے اور آخری راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے مقابلے میں دوسری بہترین تھرو کرتے ہوئے نیزہ 91.79 میٹرز دور پھینک کر اولمپک کی دوسری بہترین تھرو کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔