پاکستان

حکومت سندھ، گورنر کا ارشد ندیم کیلئے 5 کروڑ 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان

اولمپکس 2024 میں ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد سونے کا تمغہ دلایا ہے، اس موقع پر ارشد ندیم نے اپنی فتح قوم کے نام کی۔

اولمپکس میں ایتھلیٹ ارشد ندیم کی شاندار کامیابی کے بعد حکومت سندھ اور گورنر کامران ٹیسوری نے 5 کروڑ 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ 8 اگست کی رات کو ہونے والے جیولین تھرو کے مقابلے میں ارشد ندیم نے ریکارڈ 92 اعشاریہ 97 میٹر کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔

ہیرو قرار دیے جانے والے ارشد ندیم کے حوالے سے حکومت سندھ نے بڑا اعلان کر دیا ہے، حکومت سندھ کے ترجمان اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے پاکستانی ایتھلیٹ کے لیے انعامی رقم کا اعلان کیا۔

مرتضیٰ وہاب کی جانب سے مبارکباد دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اولمپکس میں اب تک سب سے لمبی تھرو پھینکنے والے بھی ارشد ندیم ہیں، انہوں نے پہلی پوزیشن بھی حاصل کی، اور اس مقابلے میں دوسری بڑی تھرو بھی انہوں نے پھینکی ہے۔

میئر کراچی نے شاندار کارکردگی پر ارشد ندیم کے لیے حکومت سندھ کی جانب سے 5 کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا گیا ہے، مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں ارشد ندیم کے نام سے اسپورٹس اکیڈمی بھی بنائی جائے گی۔

گورنر سندھ کی جانب سے بھی 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے کیا گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ میں تاریخی فتح پر ارشد ندیم کو 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کرتا ہوں۔

ادھر سی ای او کے الیکٹرک مونس الہٰی نے بھی ارشد ندیم کے لیے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم پر گولڈ میڈل کے ساتھ تاریخ رقم کرنے پر فخر ہے، ارشد ندیم نے حوصلے اور جذبے کا غیر معمولی مظاہرہ کیا۔

دوسری جانب معروف گلوکار اور اداکار علی ظفر نے بھی ارشد ندیم کی فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔

علی ظفر کا پوسٹ میں لکھنا تھا کہ ’ارشد ندیم اولمپیئن ہیرو ہے، جس نے 92 اعشاریہ 97 میٹر کی تھرو پھینک کر ریکارڈ توڑا اور پاکستان کے لیے طلائی تمغہ جیتا۔‘

علی ظفر کی جانب سے انعام کی رقم کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس کارکردگی پر میں انہیں 10 لاکھ روپے انعام سے نوازوں گا، جبکہ اداکار نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو چاہیے کہ اپنے ہیروز کو وہ خوشیاں دیں جس کے وہ مستحق ہیں۔

میئر سکھر کی جانب سے بھی ارشد ندیم کے لیے سونے کے تاج اور اسپورٹس اسٹیڈیم کو ایتھلیٹ کے نام کرنے کا اعلان کیا ہے۔

میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ سکھر کے عوام کی پُر زور خواہش پر پیرس اولمپکس میں تمغہ جیتنے والے ارشد ندیم کو سونے کا تاج پیش کریں گے۔

دوسری جانب پاکستانی کرکٹرز کی جانب سے بھی ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں مبارکباد دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلوں میں پاکستان کے ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھرو کرتے ہوئے پاکستان کو 40سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل جتوایا۔

پاکستان کے ارشد ندیم پہلی تھرو صحیح نہ کر سکے اور ان کی پہلی تھرو کو فاؤل قرار دے دیا گیا تھا، تیسرے راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے 88.72 میٹرز کی تھرو کی جبکہ جمہوریہ چیک کے جیکب ویڈلیج نے 88.50 میٹر دور نیزہ پھینکا۔

ارشد ندیم نے چوتھی تھرو میں نیزہ 79.40 میٹرز دور پھینکا، انہوں نے پانچویں تھرو کیا تو نیزہ 84.87 میٹر دور جا گرا۔

چھٹے اور آخری راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے مقابلے میں دوسری بہترین تھرو کرتے ہوئے نیزہ 91.79 میٹرز دور پھینک کر اولمپک کی دوسری بہترین تھرو کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔