پاکستان

سینیٹ اجلاس: ’ارشد ندیم قومی ہیرو ہے‘، سیاسی رہنماؤں کی شاندار فتح پر قوم کو مبارکباد

ایوان کی جانب سے ارشد ندیم کے حق میں قرارداد بھی اس ایوان سے پاس ہونی چاہیے، میں قرارداد پیش کردوں گا، قومی ہیرو کو خراج تحسین پیش کیا جانا چاہیے، سینیٹر ذیشان

سینیٹ اجلاس کے دوران مختلف سیاسی رہنماؤں نے ارشد ندیم کو اولمپکس گیم میں گولڈ میڈل جیتنے پر پوری قوم کو مبارکباد دے دی۔

ڈان نیوز کے مطابق سینیٹر مسرور احسن نے اولمپکس میں گولڈمیڈل جتنے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے ملک کا نام روش کیا ہے، اس کو سراہا جانا چاہیے۔

بعد ازاں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ بلاشبہ ارشد ندیم نے ملک کا نام روشن کیا ہے، ارشد ندیم ہمارا قومی ہیرو ہے، یہ ایوان ارشد کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم واقعی قومی ہیرو ہے، ارشد ندیم کو قوم اور اس ایوان کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہیں، ارشد ندیم کو واپس آنے پر انعام بھی دیں گے اور ان کے اعزاز میں عشائیہ بھی رکھیں گے۔

اس موقع پر سینیٹر ذیشان خانزادہ کا کہنا تھا کہ ایوان کی جانب سے ارشد ندیم کے حق میں قرارداد بھی اس ایوان سے پاس ہونی چاہیے، میں قرارداد پیش کردوں گا، قومی ہیرو کو خراج تحسین پیش کیا جانا چاہیے۔

بعد ازاں سینیٹر زرقا سہروردی کی جانب سے نامکمل کورم کی نشاندہی کرنے پر سینیٹ اجلاس کو گیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلوں میں پاکستان کے ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھرو کرتے ہوئے پاکستان کو 40سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل جتوایا۔

پاکستان کے ارشد ندیم پہلی تھرو صحیح نہ کر سکے اور ان کی پہلی تھرو کو فاؤل قرار دے دیا گیا تھا، تیسرے راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے 88.72 میٹرز کی تھرو کی جبکہ جمہوریہ چیک کے جیکب ویڈلیج نے 88.50 میٹر دور نیزہ پھینکا۔

ارشد ندیم نے چوتھی تھرو میں نیزہ 79.40 میٹرز دور پھینکا، انہوں نے پانچویں تھرو کیا تو نیزہ 84.87 میٹر دور جا گرا۔

چھٹے اور آخری راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے مقابلے میں دوسری بہترین تھرو کرتے ہوئے نیزہ 91.79 میٹرز دور پھینک کر اولمپک کی دوسری بہترین تھرو کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔