پاکستان

اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 5.1 کروڑ ڈالرز کا اضافہ

اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 12 جولائی کو 9.42 ارب ڈالر سے 19 جولائی کو 9.027 ارب ڈالر تک کمی کے بعد مسلسل دوسرے ہفتے اضافہ ہوگیا ہے۔

مرکزی بینک کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے زرمبادلہ کے ذخائر 2 اگست کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 5.1 کروڑز ڈالر اضافے سے 9.153 ارب ڈالرز تک پہنچ گئے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 12 جولائی کو 9.42 ارب ڈالر سے 19 جولائی کو 9.027 ارب ڈالر تک کمی کے بعد مسلسل دوسرے ہفتے اضافہ ہوگیا ہے۔

اسٹیٹ بینک نے رپورٹ کیا کہ ملک کے زرمبادلہ کے کل ذخائر بڑھ کر 14.472 ارب ڈالر ہو گئے، جن میں کمرشل بینکوں کے پاس موجود 5.318 ارب ڈالر بھی شامل ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے ذخائر کو مالیاتی شعبے میں استحکام کی پیمائش سمجھا جاتا ہے، مالی سال 2024 کے اختتام پر مالی سال 2023 کے 4.44 ارب ڈالر کے مقابلے میں بڑھ کر 9.389 ارب ڈالر ہو گئے تھے، یہ ایک اہم تبدیلی تھی جس نے شرح مبادلہ کو مستحکم کرنے میں مدد کی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اعتماد دیا۔

شرح مبادلہ گزشتہ 4 ماہ سے مستحکم ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری کے لیے صورتحال کو موزوں پایا ہے، استحکام کے اس دور کے دوران، گھریلو بانڈز میں آمدنی کووڈ-19 سے پہلے کی مدت کے مقابلے سب سے زیادہ رہی، ملک کو جولائی میں 25.8 کروڑ ڈالر موصول ہوئے جبکہ مئی میں 23 کروڑ ڈالر کی آمد ہوئی۔

مالیاتی مارکیٹ کو توقع ہے کہ 2025 کے آخر تک اسٹیٹ بینک کے ذخائر آئی ایم ایف کے ایک نئے قرض پروگرام کے ساتھ 13 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے۔