تاریخی کامیابی پر مسلح افواج کے سربراہان کی ارشد ندیم کو مبارکباد
اولمپکس میں تاریخ ساز کامیابی پر مسلح افواج کے سربراہان نے 40 سال بعد پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کو مبارکباد دی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کر دی ہے، شاندار کامیابی ارشد ندیم کی غیر متزلزل لگن کا نتیجہ ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ایونٹ کے فائنل میں پوری قوم کی نظریں ارشد ندیم پر تھیں، ارشد ندیم نے قومی ہیرو کےطور پر اپنی حیثیت کو مزید مستحکم کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ارشد ندیم کی فتح ملک کی بہترین صلاحیتوں کو ظاہر کرتی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے بھی مبارکباد
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی ارشد ندیم کو پیرس اولمپکس 2024 کے جیولن تھرو مقابلے میں گولڈمیڈل جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے ارشد ندیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ ارشدندیم ایک باصلاحیت اورمایہ ناز ایتھلیٹ ہیں، انہوں نے بھرپور محنت اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئےگولڈ میڈل جیتا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جیولن تھروکےکھیل کےفروغ کے لیے ارشد ندیم کی خدمات قابل ستائش ہیں، ارشدندیم نےاولمپکس جیولن تھروکی تاریخ میں سب سے لمبی تھرو پھینک کر دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیاہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ ارشد ندیم نے جیولن تھروکے مقابلے میں گولڈمیڈل جیت کر پاکستانی قوم کےدل جیت لیے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلوں میں پاکستان کے ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھرو کرتے ہوئے پاکستان کو 40سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل جتوایا۔
پاکستان کے ارشد ندیم پہلی تھرو صحیح نہ کر سکے اور ان کی پہلی تھرو کو فاؤل قرار دے دیا گیا تھا، تیسرے راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے 88.72 میٹرز کی تھرو کی جبکہ جمہوریہ چیک کے جیکب ویڈلیج نے 88.50 میٹر دور نیزہ پھینکا۔
ارشد ندیم نے چوتھی تھرو میں نیزہ 79.40 میٹرز دور پھینکا، انہوں نے پانچویں تھرو کیا تو نیزہ 84.87 میٹر دور جا گرا۔
چھٹے اور آخری راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے مقابلے میں دوسری بہترین تھرو کرتے ہوئے نیزہ 91.79 میٹرز دور پھینک کر اولمپک کی دوسری بہترین تھرو کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔