شادی سے قبل شوہر کو بھائی سمجھ کر دوسری لڑکیوں سے شادی کا مشورہ دیا، صبور علی
اداکارہ صبور علی نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے شادی سے قبل اپنے ہی شوہر کو بھائی سمجھ کر دوسری لڑکیوں سے شادی کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
صبور علی نے اداکار علی انصاری سے جنوری 2022 میں شادی کی تھی، اس سے قبل دونوں کے درمیان کچھ عرصے تک تعلقات رہے تھے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں صبور علی کو انکشاف کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ وہ شادی سے کافی عرصہ قبل علی انصاری کو بھائی کی طرح ہی دیکھتی تھیں۔
صبور علی نے کچھ عرصہ قبل ایکسپریس ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی تھی، جہاں ان سے شادی سے متعلق بھی سوال کیا گیا۔
اداکارہ کی شادی پر بات کرنے کی مختصر ویڈیو وائرل ہوگئی، جس میں انہوں نے بتایا کہ اداکارہ مریم انصاری ان کی بہترین دوست تھیں، اس لیے وہ ان کے بھائی علی انصاری کو بھی اپنا بھائی سمجھتی تھیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب کسی لڑکی کی دوسری لڑکی سے دوستی ہوتی ہے تو لڑکی اپنی دوست کے بھائی کو بھی اپنا بھائی سمجھتی ہے، اس لیے انہوں نے بھی ایسا ہی سمجھا تھا اور سوچا تھا کہ وہ علی انصاری سے کیسے شادی کر سکتی ہیں؟
انہوں نے انکشاف کیا کہ شادی سے قبل انہوں نے اپنی دوست مریم انصاری کو بھی علی انصاری کے لیے کچھ لڑکیوں کے نام تجویز کیے تھے جب کہ انہوں نے شوہر کو بھی دوسری لڑکیوں سے شادی کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
صبور علی کے مطابق انہوں نے شادی سے قبل شوہر کو دو لڑکیوں کے نام تجویز کرتے ہوئے ان سے شادی کرنے کا مشورہ دیا تھا، کیوں کہ وہ اس وقت تک انہیں بھائی ہی سمجھتی تھیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ جب تک وہ دونوں ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار نہیں ہوئے تھے، وہ ایک دوسرے سے اپنے کیریئر، دوستوں اور محبت سمیت دیگر معاملات پر بات کرتے تھے اور انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ان کی ایسی باتوں اور تعلق کا اختتام ان کی شادی پر ہوگا۔