کھیل

پیرس اولمپکس: نااہل قرار دی گئی بھارتی ریسلر دلبرداشتہ، ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

کُشتی جیت گئی، میں ہار گئی، میرے خواب اور میری ہمت ٹوٹ گئی، مجھ میں اب اور طاقت نہیں، ریسلر ونیش پھوگاٹ
|

بھارت کی دل برداشتہ ریسلر ونیش پھوگاٹ نے پیرس اولمپکس میں خواتین کے 50 کلوگرام فائنل مقابلے میں اوور ویٹ ہونے کی وجہ سے نااہل قرار دیے جانے کے ایک روز بعد ریسلنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عالمی کانسی کا تمغہ جیتنے والی 29 سالہ ونیش پھوگاٹ گزشتہ سال بھارتی ریسلنگ کے سربراہ کے خلاف ہراسگی کے اسکینڈل کی وجہ سے جاری طویل احتجاج میں شمولیت کی وجہ سے منظر عام پر آئیں تھی۔

دولت مشترکہ کے کھیلوں میں تین گولڈ میڈل جیتنے والی ونیش پھوگاٹ کو پیرس اولمپکس میں گزشتہ روز فائنل میں امریکا کی سارہ ہلڈیبرانڈ سے مقابلہ کرنا تھا، تاہم،ان کا وزن 50 کلوگرام کی حد سے 100 گرام زیادہ پایا گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام شیئر کرتے ہوئے بھارتی ریسلر نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے پیغام میں لکھا کہ ماں! کُشتی جیت گئی، میں ہار گئی، میرے خواب اور میری ہمت ٹوٹ گئی، مجھ میں اب اور طاقت نہیں ہے۔

ونیش پھوگاٹ کے ہاتھوں سیمی فائنل میں شکست کا سامنا کرنا والی سارہ ہلڈیبرانڈٹ نے فائنل مقابلے میں کیوباکی یوزنیلیس گزمین لوپیز کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ونیش پھوگاٹ نے اپنی نااہلی کے خلاف ثالثی عدالت (سی اے ایس) میں اپیل کی ہے اور مشترکہ طور پر چاندی کے تمغے سے نوازنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید آزاں جمعرات کے روز ثالثی عدالت کی جانب سے پیرس میں اس فیصلے کا اعلان متوقع ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ونیش پھوگاٹ کی فائنل مقابلے میں شرکت کو یقینی بنانے کے لیے کٹے ہوئے بالوں اور نم آنکھوں کے ساتھ، وزن کم کرنے کی مشق کی ویڈیوز وائرل ہوئیں تھی۔

ونیش پھوگاٹ نے گزشتہ سال نئی دہلی میں ایک ہفتے تک جاری رہنے والےدھرنے میں اس وقت کے بھارتی ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف دھرنے کی قیادت کی تھی ۔

خیال رہے کہ شمالی بھارت کے دیہات میں کشتی بہت مقبول کھیل ہے، گزشتہ سال ونیش پھوگاٹ اور دیگر کھلاڑیوں کے پارلیمنٹ کی جانب مارچ کے دوران گرفتار ہونے کی تصاویر سوشل میڈیا پر مقبول ہوگئی تھی۔

ونیش پھوگاٹ کے حوالے سے گزشتہ سال کے احتجاج کے ساتھی رہنما اور ٹوکیو اولمپکس کے کانسی کا تمغہ جیتنے والے بجرنگ پونیا نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’آپ ہمیشہ ہمارے لیے فاتح رہیں گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی بیٹی ہونے کے علاوہ آپ بھارت کا فخر ہیں۔

ایک اور ساتھی احتجاجی ریسلر اور اولمپک کانسی کا تمغہ جیتنے والی ساکشی ملک کا کہنا تھا کہ ہر اس بیٹی کو شکست ہوئی ہے جس کے لیے تم نے لڑائی کی اور مقابلے جیتے۔

پہلے دن وزن کو پاس کرنے والی ونیش پھوگاٹ نے فائنل میں رسائی سے قبل افتتاحی مقابلے میں چار دفعہ کی عالمی اور دفاعی چیمپیئن یوئی سوساکی کو حیران کن طور پر 3-2 سے شکست دی تھی۔

تاہم، رات بھر ان کی ٹیم کے ورزش کے ذریعے وزن کو کم کرنے کی کوششوں کے باوجود فائنل کی صبح ونیش پھوگاٹ کا وزن زیادہ تھا۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ونیش پھوگاٹ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک پیغام لکھا تھا جسمیں ان کا کہنا تھا کہ ، کاش الفاظ اس مایوسی کے احساس کو ظاہر کر سکیں جس کو میں محسوس کر رہا ہوں۔