پاکستان

دھرنوں کی پیداوار نے قومی اداروں پر حملہ کیا، جاوید لطیف

سب جانتے ہیں کہ ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کا فیصلہ دینے والوں نے یہ حکم کس کی مرضی سے دیا تھا، رہنما مسلم لیگ (ن)

مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف نے کہا کہ دھرنوں کی پیداوار نے قومی اداروں پر حملہ کیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا کہ اگر رینجرز اور فوج گرفتار کرے گی تو لوگ جواب بھی اسی کو دیں گے تو نواز شریف اور دیگر کو تو کتنی دفعہ رینجرز نے گرفتار کیا ہے، مجھے بھی کئی دفعہ رینجرز نے گرفتار کیا ہے اور عمران خان نے اپنے دور میں بھی ہمیں گرفتار کیا لیکن کیا کبھی ہم نے حملہ کرنے کی بات کی؟

انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کا فیصلہ دینے والوں نے یہ حکم کس کی مرضی سے دیا تھا، سب جانتے ہیں 2017 میں نواز شریف کو کس کے کہنے پر نا اہل کروایا گیا لیکن کیا کسی نے حملے کی منصوبہ بندی کی؟

انہوں نے بتایا کہ 2014 میں جو جلاؤ گھیراؤ کا سلسلہ انہوں نے شروع کیا، وہ الگ بات ہے کہ اس کی سرپرستی کرنے والے کوئی اور تھے اور یہ بھی الگ بات ہے کہ 9 مئی کس کی سہولتکاری سے ہوا، یہ کہہ رہے کہ معافی مانگ لوں گا تو یہ بتائیں کہ آپ پی ٹی وی، وزیر اعظم ہاؤس، پارلیمان میں حملہ کروانے پر معافی مانگیں گے یا آئی ایم ایف کے خط پر معافی مانگیں گے یا جو آپ کو لے کر آئے اور پھر آپ نے ان کو میر جعفر کہا اس پر معافی مانگو گے یا 9 مئی کو جو کچھ کیا اس پر معافی مانگو گے یا پیٹرول بم استعمال کرنے پر معافی مانگو گے؟

جاوید لطیف نے کہا کہ کیا یہ 6 ہزار دہشتگردوں کو چھوڑنے پر معافی مانگیں گے؟ کیا ان کی معافی سے مجھے روزگار، دو وقت کی روٹی مل جائے گی؟ معیشت کو اس دہانے پر لانے پر کیا معافی مانگے گے یہ؟