پاکستان

چیئرمین پی سی بی کے ایڈوائزر وقار یونس کی تقرری کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ملتوی

جسٹس شہرام سرور چوہدری نے شہری مشکور حسین کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے ندیم سرور ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔
|

لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کے ایڈوائزر وقار یونس کی تقرری کے خلاف دائر درخواست پر سماعت عدالتی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کردی۔

ڈان نیوز کے مطابق جسٹس شہرام سرور چوہدری نے شہری مشکور حسین کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے ندیم سرور ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ کرکٹ قوانین کیا کہتے ہیں؟ آپ کس طرح متاثرہ فریق ہیں؟ وکیل نے جواب دیا کہ میں پاکستان کا شہری ہوں، اشتہار کے بغیر تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔

بعد ازاں عدالت نے درخواست گزار کو تقرری کا نوٹیفکیشن درخواست کے ساتھ لگانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے سماعت عدالتی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ 6 اگست کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کے ایڈوائزر وقار یونس کی تقرری کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا تھا۔

شہری مشکور حسین نے ندیم سرور کے ذریعے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، درخواست میں وفاقی حکومت، پی سی بی اور وقار یونس کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ پی سی بی نے گزشتہ ماہ وقار یہونس کو ایڈوائزر مقرر کیا لیکن ایک غیر معمولی قدم میں انہوں نے اس ماہ اب مذکورہ عہدے کے لیے ایک اشتہار دے کر درخواستیں طلب کی ہیں۔

درخواست کے مطابق محسن نقوی کی زیرقیادت پی سی بی نے وقار یونس کی خدمات حاصل کرنے کے عمل میں جو عجیب و غریب طریقہ اختیار کیا ہے وہ بورڈ کے انتظامی امور کے حوالے سے کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔