پاکستان

غلط معلومات اور پروپیگنڈے کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر عمل ہونا چاہیے، صدر آصف زرداری

میڈیا معاشرے میں رواداری، اتحاد کے فروغ میں کردار ادا کرے اور صحافت کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھے، صدر مملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جدید مواصلاتی ٹیکنالوجی کی وجہ سے نئے چیلنجز درپیش ہیں جبکہ غلط معلومات اور پروپیگنڈے کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر عمل ہونا چاہیے۔

ایوان صدر اسلام آباد میں صدر آصف علی زرداری سے چیئرمین پیمرا محمد سلیم نے ملاقات کی۔ چیئرمین پیمرا نے صدر کو پیمرا رپورٹ 23-2021 پیش کی۔

صدر آصف زرداری نے جعلی خبروں اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کی حوصلہ شکنی پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ حقائق کی جانچ پڑتال، معلومات کی تصدیق کو کلچر فروغ دینا ہوگا، میڈیا معاشرے میں رواداری، اتحاد کے فروغ میں کردار ادا کرے اور صحافت کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھے۔

صدر مملکت نے جدید ٹیکنالوجی، انسانی وسائل سے پیمرا کی استعدادِ کار بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

چیئرمین پیمرا نے صدر مملکت کو میڈیا منظرنامے کی ریگولیشن اور ترقی میں پیمرا کے کردار اور کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔